رسائی کے لنکس

کروڑوں لوگ ہماری توجہ کے ’مستحق ہیں‘: نواز کا مودی کو خط


پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل فوٹو)
پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل فوٹو)

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اُنھیں اُمید ہے سنجیدہ کوششیں روشن مستقبل کی بنیاد بنیں گی۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے نام اپنے ایک خط میں دونوں ملکوں کے مفاد میں تمام تصفیہ طلب معاملات کو حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں خط کا متن بھی صحافیوں کو بھیجا گیا جس میں نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں میں کروڑوں لوگ غربت میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور ’وہ ہماری فوری توجہ کے مستحق ہیں تاکہ اُن کی حالت زار بہتر ہو سکے۔‘

نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے غریب افراد کا مستقبل ’ہماری مشترکہ اقتصادی منزل سے جڑا ہوا ہے اور ہماری مسلسل و مضبوط کوششیں اُن کی فلاح اور خوشحالی کا سبب بن سکتی ہیں۔‘

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اُنھیں اُمید ہے سنجیدہ کوششیں روشن مستقبل کی بنیاد بنیں گی۔

اپنے خط میں پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھارت کے دورے کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اُمور پر بامعنی تبادلہ خیال کے بعد وہ مطمئن اپنے ملک کو لوٹے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد اُن سے ملاقات میں کہا تھا کہ ترقی اور اقتصادی بحالی کا ہدف خطے میں امن و استحکام کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کے درمیان جلد رابطے پر اتفاق کیا جس میں نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات کی روشنی میں آگے بڑھنے کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

سیکرٹری خارجہ سطح کی ملاقات ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ممکن ہے کیوں کہ اس امید کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ شاید جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نواز شریف اور نریندر مودی دوبارہ ملیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اگرچہ کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی اور جامع امن مذاکرات بھی تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے ہیں تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان روابط میں اضافہ ہوا۔

حال ہی میں وزیراعظم نواز شریف نے نریندر مودی کی والدہ کے لیے سفید ساڑھی بطور تحفہ بھیجی تھی جب کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی والدہ کے لیے تحفے میں ایک شال دی تھی۔
XS
SM
MD
LG