رسائی کے لنکس

امریکہ میں مقیم ہم وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کریں: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ گڈانی میں انرجی پارک کے علاوہ پورٹ قاسم میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے مواقع امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے کھلے ہیں ۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے واشنگٹن میں مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ ملک میں توانائی اور دوسرے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ ملک کا بھی فائدہ ہو اور ان کے کاروبار میں وسعت آئے۔

امریکہ کے دورے کے دوران وزیراعظم نے پیر کو ایک مصروف دن گزارنے کے بعد شام کو واشنگٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ گڈانی میں انرجی پارک کے علاوہ پورٹ قاسم میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے مواقع امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے کھلے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ دہری شہریت والے پاکستانیوں پر پابندیاں لگانا ٹھیک نہیں اور ان کی حکومت یہ پابندیاں ختم کرنے کےلیے آئینی ترامیم لائے گی۔

امریکی انتظامیہ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے نواز شریف نے بتایا کہ انہوں نے وزیرِ خارجہ جان کیری سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کو امداد نہیں تجارت چاہیے اور پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔

وزیرِ اعظم نے ماضی کے واقعات کا بھی طویل ذکر کیا جس میں فوجی حکومتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کہ کسی بھی ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والے فارمولے سے ترقی نہیں آئی ترقی کی منزل صرف جمہوریت کے راستے پر چل کر ہی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل ہے۔ پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات شفاف تھے اور سب پارٹیوں کو ان کے نتائج تسلیم کرنے چاہیئں۔" ہم نے بھی 2008 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات نہیں لگائے تھے۔ حالانکہ اس وقت تمام تر مشینری مشرف کی سربراہی میں کام کر رہی تھی۔"

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کہ پارٹی دیگر تمام جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرتی ہے۔ اسی لیے آج بلوچستان میں ان کے اتحادیوں کی حکومت ہے۔ خیبر پختوں خواہ میں پی ٹی آئی، سندھ میں پی پی پی اور کراچی میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ ہے ۔

انہوں نے امن وامان کی خراب صورتِ حال کو تسلیم کیا اور کہا کہ ان کی حکومت ایسے قوانین بنائے گی جن کے بعد مجرموں کی ضمانتیں نہ ہوں اور انصاف سالوں کے بجائے دنوں میں ہو سکے۔

"کراچی میں امن وامان کی صورتِ حال میں کچھ بہتری آئی ہے۔ ہم نے پی پی پی اور ایم کیو ایم کو ساتھ ملا کر کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا ہے جس میں کسی قسم کا امتیاز نہیں برتا جا رہا۔

وزیر اعظم منگل کو یونائٹڈ سٹیٹس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں " پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی" کے عنوان پر ایک گفتگو میں شرکت کریں گے۔
XS
SM
MD
LG