رسائی کے لنکس

پیپلز پارٹی کی جانب سے 13نومبر کو جلسہ عام کا اعلان


پیپلز پارٹی کی جانب سے 13نومبر کو جلسہ عام کا اعلان
پیپلز پارٹی کی جانب سے 13نومبر کو جلسہ عام کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام اور متحدہ قومی موومنٹ کی ریلی کے بعد پاکستان کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی نے بھی 13نومبر کو جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے پیر کو جلسے سے متعلق مختصر تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ صدر آصف علی زرداری کی حمایت میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت نشتر پارک میں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر عدلیہ کا راستہ اپنائیں گے ۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نون 28 اکتوبر کو جبکہ پاکستان تحریک انصاف 30 اکتوبر کو لاہورمیں جلسہ اور متحدہ قومی موومنٹ 30 اکتوبر کو کراچی میں ریلی منعقد کرچکی ہے جبکہ گلوکار ابرار الحق بھی 27 اکتوبر کو ” پاکستان بچاوٴ ریلی“نکال چکے ہیں۔اب 13 نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی نے جلسے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ایک ماہ تک دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوس پر پابندی عائد ہے۔ اس پابندی کا اعلان بھی28 ستمبر کو وزارات داخلہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ 28 اکتوبر کو یہ پابندی ختم ہونا تھی مگر 31 اکتوبر سے اسے دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد سال دو ہزار تیرہ میں ہونا ہے جبکہ سینیٹ کے انتخابات بھی مارچ 2012ء میں منعقد ہونا ہیں تاہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے پے درپے جلسے ، جلوس اور ریلیوں کے انعقاد کو دیکھتے ہوئے یوں لگ رہا ہے کہ گویا ملک میں جلسے جلوسوں کا موسم آگیا ہے۔خصوصاً پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی جانب سے کئے گئے جلسے نے ملک بھر کے میڈیا میں سیاسی ہلچل مچادی ہے۔اس جلسے کے ذکر کے بغیر آج کا کوئی بھی اخبار شائع نہیں ہواجبکہ ٹی وی چینلز پر تو گزشتہ شب سے ہی اس جلسے پر متعدد پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ مبصرین اس جلسے کو ’تبدیلی کی ہوا‘ قرار دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG