پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیاسی رہنماؤں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اُنھوں نے ملک سے باہر اپنے اثاثوں کو ظاہر نا کیا تو اُن کی جماعت سول نا فرمانی کی ملک گیر تحریک چلائے گی۔
اتوار کو لاہور میں مینار پاکستان کے وسیع میدان میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے اور اس جلسے نے ملک کی سیاسی سمت کا تعین کر دیا ہے۔
’’پندرہ سال ہم نے محنت کی، کوشش کی کہ پاکستان میں تبدیلی آئے۔ غور سے سن لو یہ سیلاب نہیں یہ سونامی آ رہی ہے۔‘‘
جلسہ گاہ میں ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان اور عام شہری موجود تھے، جو ’’کون بچائے کا پاکستان - عمران خان، عمران خان‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
تحریک انصاف کی اپیل پر لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے جماعت کے کارکن قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے تھے۔