اپنے ایک وفاقی وزیر کی برطرفی پر پیپلزپارٹی کی زیر قیادت مخلوط حکومت میں شامل جمعیت علماء اسلام (ف) نے احتجاجاََ حکمران اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے ۔
منگل کو پارٹی کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ”اب حکمران اتحاد کے ساتھ رہنا ناممکن ہوگیا ہے اس لیے ہم حکومت کو خیر باد کہہ رہے ہیں“۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں شامل جے یو آئی کے دو وزراء بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل منگل کی دوپہر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے مذہبی امور کے لیے وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی اور جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پر حج انتظامات میں بدعنوانی کے الزامات کے بعد کیا گیا جبکہ اعظم سواتی وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود بدعنوانی کے اس سکینڈل میں ملوث مبینہ بدعنوان افسران بشمول حامد سعید کاظمی کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے بیانات دیتے رہے۔
وفاقی ادارے بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے بھی اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے حکومت اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے جواب طلبی کر رکھی ہے۔