رسائی کے لنکس

نواز شریف کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ


نواز شریف کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ
نواز شریف کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ

مسلم لیگ نواز کے صدر اورپاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ملک میں فوری نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے یہ مطالبہ بدھ کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا۔ نواز شریف نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کومشورہ دیا کہ وہ اسمبلیاں توڑنے اور نئے انتخابات کرانے پر زور دیں۔

اس مطالبے کی وجہ بتاتے ہوئے نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ بدعنوانی ، مہنگائی ، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور غربت جیسے مسائل پر قابو پانے میں حکومت بری طرح سے ناکام ہوگئی ہے لہذا اس حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے۔ ملک میں نئے انتخابات ہوں، تبھی ان مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔

نواز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے نئے انتخابات کے حوالے سے تقریباً چار ماہ پہلے صدر آصف علی زرداری سے فون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کی ذمے داری عوام کی ہے کوئی بھی ادارہ غیر آئینی طور پر حکومت کو گھر نہ بھیجے۔ اگر حکومت اپنی معیاد ختم کرنے جارہی ہے تو اسے عوام کے ذریعے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے مفادات مشترکہ ہیں ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی حکم عدولی میں صرف ق لیگ نہیں پیپلز پارٹی بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی مفاد کے پیش نظرصدر زرداری کا ساتھ دیا اور میڈیا کے طعنے سنے ۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ چل کر دیکھ لیا ان تلوں میں تیل نہیں ہے لہذا مایوس ہوکر حکومت سے باہر آگئے۔

نواز لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ کسی لانگ مارچ کی نوبت آئے لہذا وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی اسمبلیاں توڑ کر ملک میں صاف اور شفاف طریقے سے نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

XS
SM
MD
LG