رسائی کے لنکس

چیئرمین نیب کی برطرفی، پیپلزپارٹی کا یومِ احتجاج منانے کا اعلان


چیئرمین نیب کی برطرفی، پیپلزپارٹی کا یومِ احتجاج منانے کا اعلان
چیئرمین نیب کی برطرفی، پیپلزپارٹی کا یومِ احتجاج منانے کا اعلان

سپریم کورٹ کی جانب سے چیئر مین نیب کی تقرری غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے کے خلاف حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ شاخ نے کل صوبہ بھر میں یومِ احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔

پی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل جمعہ کے روز کاروبار، دکانیں اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔

واضح رہے کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے جمعرات کے روز انسدادِ بدعنوانی کے قومی ادارے "نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب)" کے سربراہ جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کی تقرری کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔

جسٹس (ر) شاہ کو گزشتہ سال حکومت نے نیب کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔ تاہم اس تقرری کو مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار اور صحافی شاہد اورکزئی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ کہ دیدارشاہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں لہذا وہ احتساب کے قومی ادارے کے سربراہ نہیں بن سکتے کیونکہ اس عہدے کیلئے غیرجانبدار ہونا ضروری ہے۔

درخواستوں پر جمعرات کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے چیئرمین نیب کی تقرری کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے بعد جسٹس (ر) شاہ اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل نے اعلان کیا کہ پارٹی کارکنان یومِ احتجاج کے سلسلے میں جمعہ کے روز صوبہ بھر میں ریلیاں نکالیں گے اور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

تاج حیدر نے وکلاء برادری اور عوام سے یومِ احتجاج کے موقع پر عدالتی کاروائیوں کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حکمران جماعت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عوامی احتجاج کی کال دینے سے ملک میں ایک بار پھر اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء پیدا ہونے جارہی ہے۔ تجزیہ کار پیپلز پارٹی کے اس قدم کو اعلیٰ عدالت پر دباؤ بڑھانے کی ایک سیاسی چال بھی قرار دے رہے ہیں۔

کئی پاکستانی میڈیا میں آنیو الی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ حکومت جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کو ایک بار پھر چیئرمین نیب کے عہدے پر تعینات کرسکتی ہے۔ تاہم حکومت یا پی پی پی کی جانب سے اس اطلاع کی تاحال کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ادھر "یومِ احتجاج" کے اعلان کے بعد سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں جمعرات کی شام پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سندھ ہائی کورٹ کی عمارت کے سامنے دھرنا دیا اور اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی۔

حکمران جماعت کی جانب سے جمعہ کے روز کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کے اعلان کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارالخلافہ کراچی کے کچھ علاقوں سے کشیدگی اور ہوائی فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

نامعلوم افراد کی جانب سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری کی کراچی میں واقع رہائش گاہ "بلاول ہاؤس" کے نزدیکی علاقے میں دو بسوں کو بھی نذرِآتش کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG