رسائی کے لنکس

عدلیہ جمہوریت بچائے: عمران خان


عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک ’خانہ جنگی‘ کی طرف جا رہا ہے کیوں کہ اُن کے لیے اپنے کارکنوں کو روکنا مشکل ہو رہا ہے۔ ’’میں آج اپنی عدلیہ سے التجا کرتا ہوں کہ وہ اس ملک کی جمہوریت کو بچائیں۔ یہ ملک جو خون کی طرف جا رہا ہے اس کو بچائیں۔‘‘

پاکستان میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عدالت عظمٰی سے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں مداخلت کرتے ہوئے وہ جمہوریت کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک ’خانہ جنگی‘ کی طرف جا رہا ہے کیوں کہ اُن کے لیے اپنے کارکنوں کو روکنا مشکل ہو رہا ہے۔

’’میں آج اپنی عدلیہ سے التجا کرتا ہوں کہ وہ اس ملک کی جمہوریت کو بچائیں۔ یہ ملک جو خون کی طرف جا رہا ہے اس کو بچائیں۔‘‘

تحریک انصاف کے سربراہ نے منگل کی صبح سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’چیف جسٹس صاحب آپ کو خاص طور پر آج میرا پیغام یہ ہے کہ پاکستان کی جمہوریت کو بچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔‘‘

عمران خان کا الزام تھا کہ حکومت اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے پولیس کو استعمال کر رہی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسلام آباد میں دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے منگل کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے دھرنا دینے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کیا اور اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت عدالت کا راستہ اختیار کرے گی۔ ’’انھوں نے اپنے اوپر ایک نقاب پہنا ہوا اپنے اور ہم اس نقاب کو عدالت میں اتاریں گے اور قانون کی گرفت میں لیں گے اس لاقانونیت کو، یہ تھوڑا سا صبر آزما ضرور ہو گا، اس میں تھوڑی سے تکلیف ضرور کاٹنی پڑے گی لیکن یہ ہی ایک مہذب راستہ ہے۔‘‘

پرویز رشید نے ایک بار پھر کہا کہ دھرنا دینے والی جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے کو پارلیمان رد کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG