پیپلز پارٹی کی الیکشن کمیشن سے وزیرِ اعظم عمران خان کی شکایت
حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے بدھ کو الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف ایک درخواست دی ہے۔
درخواست کے مطابق وزیرِ اعظم نے سینیٹ انتخابات سے قبل ارکانِ اسمبلی سے ملاقات کی ہے اور انہیں 50 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خواتین ارکان اسمبلی نے نجی ٹی وی سما کے پروگرام میں انٹرویو کے دوران وزیرِ اعظم کی طرف سے مذکورہ پیش کش کا اعتراف کیا ہے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان رشوت اور بدعنوانی جیسے قابلِ جرم فعل کے مرتکب قرار پائے ہیں اس لیے انہیں قانون کے تحت سزا دی جائے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ووٹ کاسٹ کر دیا
بلوچستان اسمبلی میں اب تک 13 ووٹ کاسٹ
بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور اب تک 13 ووٹ کاسٹ کیے جا چکے ہیں۔
اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ اب تک جن ارکان نے ووٹ ڈالے ہیں ان میں میر جان جمالی، بشری رند، لیلیٰ ترین، سرفراز ڈومکی، عارف محمد حسنی، ماہ جبین شیران، صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء لانگو، میر سلیم کھوسہ، سردار صالح بھوتانی اور ڈاکٹر ربابہ خالد شامل ہیں۔