رسائی کے لنکس

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندر کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی


Quetta Gladiators
Quetta Gladiators

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پہلے بولرز کی شاندار بولنگ اور پھر اوپنرز کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 9وکٹوں سے ہرادیا۔ایونٹ میں لاہور قلندرز کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔

لاہور قلندرز نے جیت کے لئے 120رنز کا نسبتاً آسان ہدف دیا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 14اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، شین واٹسن نے برق رفتار66 رنز بنائے جبکہ اسد شفیق نے ناقابل شکست 38 رنزکی اننگز کھیلی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ لاہور قلندرز کے اوپنرز برینڈن مک کولم اورسنیل نارائن نے صرف 21 گیندوں پر 46 رنزبناکر اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن سنیل نارائن صرف 10 گیندوں پرتیزرفتار 28 رنز بناکر مک کولم کا ساتھ چھوڑ گئے، اُن کی اننگزمیں 2 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔

نئے آنے والے بیٹسمین فخرزمان صرف ایک رن ہی بناسکے اور آرچر کا شکار بن گئے۔

اچھے آغاز کے باوجود لاہور قلندرز کے بیٹسمین ذمہ دارانہ بیٹنگ نہ کرسکے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی، 46 رنز پر اُس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں تھا لیکن 81 رنز یعنی اسکور میں صرف 35 رنز کے اضافے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی نپی تلی بولنگ کے سامنے لاہور قلندرز کا کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر جم نہ سکا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119رنز ہی بناسکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے آرچر نے 23 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے صرف 4 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، پی ایس ایل میں اب تک یہ کسی بھی بولر کی سب سے اکانومیکل بولنگ ہے۔

پوائٹنس ٹیبل پر ملتان سلطانز چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے دو، دو پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکیں۔

اتوار کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG