رسائی کے لنکس

پاکستان دہشت گردی کی حمایت نہ کرے: کیمرون


برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ،جو ان دنوں تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے بھارت کے دورے پر ہیں،دہشت گردوں کے ساتھ پاکستان کے مبینہ تعلق پر نکتہ چینی کی ہے۔

بھارتی شہر بنگلور میں بدھ کے روز مسٹر کیمرون نے کہا کہ برطانیہ ایک ایسے جمہوری، مستحکم اور مضبوط پاکستان کا خواہاں ہے جو بھارت، افغانستان یا دنیا کے کسی بھی حصے میں نہ تو دہشت گردی برآمد کرے اور نہ ہی اس کی حمایت کرے۔

ان کے یہ تبصرے وکی لیکس میں شائع ہونے والی ان امریکی خفیہ دستاویزات کے بعد سامنے آئے ہیں جن میں پاکستان پر یہ الزام لگایا گیاہے کہ وہ افغانستان میں شورش پسند گروپوں کی مدد کررہاہے۔

نئی دہلی ایک طویل عرصے سے پاکستان پر بھارت میں عسکریت پسند حملوں کی مدد کا الزام لگا رہاہے۔

مسٹر کیمرون اپنے بھارت کے دورے میں ایک بڑے وفد کی قیادت کررہے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات بڑھانا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

تجارت سے متعلق برطانوی سیکرٹری وینس کیبل ، جو اس وفد میں شامل ہیں، کہا ہے کہ برطانوی کمپنیوں کو بھارت کے لیے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ یہ امریکہ اوربھارت کے درمیان جوہری معاہدے جیسا ایک انتظام ہوگا۔

بدھ ہی کے روز بھارت 57 ہاک تربیتی طیارے اور ان کے انجنوں کی خریداری کے لیے برطانوی کمپنیوں بی اے ای اور رولزرائس کے ساتھ ایک ارب دس کروڑ ڈالر مالیت کے معاہدوں پر رضامندی کا اظہار کیا۔

برطانوی وزیر اعظم کیمرون کا بھارت کا یہ تین روزہ دورہ جمعرات کو ختم ہورہاہے۔

XS
SM
MD
LG