رسائی کے لنکس

کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت میں پاکستان کا جواب منگل کو


Kulbhushan Yadav Raw Agent indian Spy
Kulbhushan Yadav Raw Agent indian Spy

پاکستان عالمی عدالت میں بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو سے متعلق اپنا تحریری جوا ب 17جولائی کو جمع کروائے گا ۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جواب جمع کروانے کیلئے دفتر خارجہ کی خاتون افسر ڈاکٹر فاریحہ بگٹی نیدرلینڈ پہنچ گئی ہیں ۔

پاکستان کا جواب 400سے زائد صفحات پر محیط ہے جس میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جوابات دئے گئے ہیں۔ پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔

کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے جوابات میں مجموعی طور پر دوسرا جواب ہو گا۔ پاکستان کی جانب سے جواب منگل کو ہیگ کے مقامی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ سے ڈیڑھ بجے کے درمیان تک جمع کرائے جانے کا امکان ہے جبکہ اس سے پہلے پاکستان نے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس میں اپنا جواب 13دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے والے بھارتی نیوی کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو غیرقانونی طور پر پاکستان داخل ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔

بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف کر لیا تھا کہ کہ انھیں را کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے منصوبہ بندی اور رابطوں کے علاوہ امن کے عمل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

بعدازاں 10 اپریل 2017 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پرسزائے موت سنا دی گئی ہے۔

10 مئی 2017 کو بھارت نے ’را‘ کے جاسوس کو سزائے موت سنانے کا معاملہ عالمی عدالت انصاف آئی سی جے میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور عالمی عدالت سے اس کیس کو ہنگامی نوعیت کا قرار دے کر اس پر فوری سماعت کے لیے درخواست کی۔

بعد ازاں 18 مئی کو آئی سی جے نے بھارت کی اپیل پر عبوری فیصلہ سنایا اور حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پاکستان کو ہدایت کی کہ اس کیس میں عبوری فیصلہ آنے تک کلبھوشن کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا جائے جبکہ یہ کیس عالمی عدالت میں اب بھی زیر التوا ہے۔

XS
SM
MD
LG