رسائی کے لنکس

سہ فریقی سیریز: بنگلہ دیش باہر، فائنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مدِمقابل ہوں گے


نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم کی ایک اور شکست کے بعد سیریز کا فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں کھیلے جانے والے دو میچز میں ایک دوسرے کو شکست دے چکی ہیں۔

بدھ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے کر اسے فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ۔

کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 160 رنز بنا سکی۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے، لیکن دیگر بلے بازوں کا ساتھ نہ ملنے کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم ہدف حاصل نہیں کرسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے نے 64، فن ایلن نے 32، مارٹن گپٹل نے 34 جب کہ گلین فلپس نے 60 رنز بنائے۔

تینوں ٹیموں نے فائنل سے قبل ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے دو میچز میں سے ایک میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو با آسانی نو وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا جس میں ہار یا جیت سےسیریز کے نتیجے پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں 14 اکتوبر کو سیریز کے فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔

پاکستان کے لیے مڈل آرڈر کے مسائل برقرار

اس سیریز کو ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کے لیے تیاری کا ایک موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے سیریز کے دوران مختلف کمبی نیشنز آزمائے اور مڈل آرڈر میں بھی تبدیلیاں کرتے ہوئے، شاداب خان اور محمد نواز کو چوتھے اور پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں شاداب خان نے ٹیم انتظامیہ کو مایوس نہیں کیا اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔شاداب خان نے 22 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ محمد نواز نے بھی 16 رنز بنائے۔

لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں یہ حربہ کامیاب نہ ہو سکا اور شاداب خان آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس میچ میں محمد نواز کے بجائے حیدر علی کو موقع دیا گیا جو ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

شاہین شاہ آفریدی کی واپسی کی نوید

آسٹریلیا میں رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستانی فینز کو یہ نوید سنائی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی فٹ ہو چکے ہیں اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی لندن سے اُنہیں اپنی بالنگ کی ویڈیوز بھیج رہے ہیں اور ٹیم میں واپسی کے لیے پرجوش ہیں۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی بہت جلد ٹیم کو جوائن کر کے بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کے میچ سے قبل دو پریکٹس میچز میں حصہ لیں گے۔

XS
SM
MD
LG