رسائی کے لنکس

’سیلاب زدہ علاقوں میں موثر تعمیر نو پاکستان کو مثالی ملک بنا سکتی ہے‘


اقوام متحدہ کی عہدے دار کرسٹیانا فگورس
اقوام متحدہ کی عہدے دار کرسٹیانا فگورس

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ادارے کی ایگزیکٹو سیکرٹری کرسٹیانا فگورس نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موٴثر تعمیر نو پاکستان کو ایک مثالی ملک بنا سکتی ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد منگل کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس افسوس ناک سانحے نے اب ملک کو مستقبل میں ایسی مزید آفتوں سے نبردآزما ہونے کا ایک اچھا موقع فراہم کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے دوران موٴثر اقدامات اور منصوبہ بندی کر کے پاکستان ان علاقوں کو مستقبل میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ بنا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی عہدیدار نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ تعمیر نو میں پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھے۔

پاکستان کی وزارت ماحولیات کے نائب سیکرٹری سید مجتبیٰ حسین نے اس موقع پر وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے موٴثر تعمیر نو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کے دوران قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات کو بھی مدد نظر رکھا جائے۔

غیر جانب دار ماہرین بھی موٴثر تعمیر نو کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں کیوں کہ ان کے خیال میں اپنے محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کو ہمیشہ سیلاب، زلزلے اور سمندری طوفان بادوباراں جیسی قدرتی آفات کے خطرے کا سامنا رہے گا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

گذشتہ سال جولائی میں آنے والا غیر معمولی سیلاب پاکستان کی 63 سالہ تاریخ کا بدترین سیلاب ثابت ہوا جس سے ملک بھر میں دو کروڑ سے زائد افراد متاثر اور تقریباً ایک کروڑ بے گھر ہوئے۔

XS
SM
MD
LG