رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کے لیے 19 کروڑ ڈالر امریکی امداد کا اعلان


سیلاب زدگان کے لیے 19 کروڑ ڈالر امریکی امداد کا اعلان
سیلاب زدگان کے لیے 19 کروڑ ڈالر امریکی امداد کا اعلان

امریکہ نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے قائم سرکاری فنڈ میں 19کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے لیے قائم مقام امریکی خصوصی نمائندے فرینک روجیرو نے جمعرات کو اسلام آباد آمد کے کچھ ہی دیر بعد وزیر خزانہ حفیظ شیخ سے ملاقات کر کے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطا ب میں فرینک روجیرو نے کہا کہ یہ رقم کیر ی لوگر برمن بل کے تحت پاکستان کو دی جانے والی ساڑھے سات ارب ڈالر کی غیر فوجی امریکی امداد میں سے دی جائے گی اور ضرورت مند خاندانوں تک اس کی شفاف ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

فرینک روجیرو نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اعانت جاری رکھے گا۔

اس موقع پروفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ اس رقم کو شفاف انداز میں ضرورت مند لوگوں تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد توقع ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں شروع ہو سکیں گی

دریں اثنا صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ صدر آصف علی زرداری آئندہ ہفتے نجی دورے پر امریکہ جارہے ہیں جہاں وہ آنجہانی رچر ڈ ہالبروک کی خطے کے لیے خدمات پر اُنھیں خراج تحسین پیش کریں گے ۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ صدر زرداری کے واشنگٹن میں تین روزہ قیام کے دوران اُن کی فی الحال کسی سرکاری امریکی عہدیدار سے ملاقات طے نہیں ہے۔

گذشتہ ماہ رچڑد ہالبروک کے انتقال کے بعد امریکی صدر براک اوباما نے فرینک روجیروکوافغانستان اور پاکستان کے لیے اپنا قائم مقام خصوصی نمائندہ مقرر کیا تھا ۔ قائم مقام امریکی سفارت کار پاکستان میں تین روز قیام کریں گے اور سیاسی اور دیگر اہم رہنماؤں سے بات چیت کے علاوہ جمعہ کو ایک اور دو طرفہ معاہدے پربھی دستخط کریں گے جس کے تحت قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گومل زام اورسکردو میں سدپارہ ڈیموں کے تعمیراتی منصوبوں کی تکیمل کے لیے امریکہ پاکستان کو چھ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر فراہم کر ے گا۔

XS
SM
MD
LG