رسائی کے لنکس

امریکی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کا دورہ پاکستان


ریٹا اختر (فائل فوٹو)
ریٹا اختر (فائل فوٹو)

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ "اس دورے سے پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا

تعلیمی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے امریکی یونیورسٹیوں کے نمائندگان نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں امریکی ماہرین تعلیم نے طلبا اور اساتذہ کو اپنے ہاں اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلوں اور تعلیمی مواقع کے بارے میں مفید معلومات فراہم کیں۔

اس دورے کا اہتمام امریکی حکومت کے تعاون سے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان اور ایجوکیشن یو ایس اے نے کیا تھا جس میں امریکی تعلیمی اداروں کے نمائندگان کے دورہ ایشیاء 2014 کے سلسلے میں انھیں پاکستان کا بھی دورہ کروایا گیا۔

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ "اس دورے سے پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی اعتماد سازی میں مدد ملے گی۔"

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے تعلیمی ادارے پاکستانی طلبہ کے داخلے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔


سال 2014ء کے وفد میں نیویارک یونیورسٹی، سوانھا کالج، دہرم کالج، یونیورسٹی آف کینٹکی، ویلپریز یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ناردرن آئیوا کے نمائندگان شامل تھے جنھیں اس دورے میں سینکڑوں پاکستانی طلبا، اساتذہ اور مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں کے سربراہاں سے ملاقات اور تبادلہ خیالات کے مواقع میسر آئے۔

علاوہ ازیں وفد کے ارکان نے اپنے تعلیمی اداروں کے پروگراموں میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی طلبہ و طالبات کو امریکی درسگاہوں کے تعلیمی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستان میں امریکہ کا سفارتخانہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑا تعلیمی اور ثقافتی پروگرام چلا رہا ہے۔

ان پروگراموں میں فل برائٹ، گلوبل انڈر گریجوئیٹ ایکسچینج اسکالرشپ، پروفیشنل اینڈ یوتھ ایکسچینج اور ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ جیسے پروگرام شامل ہیں جن کے ذریعے امریکی حکومت پاکستانی طالب علموں کو اعلٰیٰ تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے اور باہمی تعاون اور اعتماد پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

سال 2014ء کو جنوبی ایشیا کا یہ دورہ ان بہت سارے اقدامات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جن کے تحت ایجوکیشن یو ایس اے کے تعلیمی مشیر پاکستانی طلبہ و طالبات کی امریکی تعلیمی درسگاہوں میں داخلے کے لیے مدد اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG