رسائی کے لنکس

خیبرپختونخواہ میں تعیمر و ترقی کے لیے معاونت جاری رکھیں گے: امریکی سفیر


امریکی سفیر رچرڈ اولسن
امریکی سفیر رچرڈ اولسن

تقریباً چار ارب روپے کے اس منصوبے میں ساٹھ فیصد امریکہ اور باقی لاگت خیبرپختونخواہ حکومت نے ادا کی اور اس میں سڑک پر 14 پلوں کی مرمت و کشادگی کے علاوہ اس شاہراہ کو چار سے چھ رویہ کیا گیا۔

پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گا۔

امریکہ کے تعاون سے توسیع و مرمت شدہ پشاور کی جنوبی رنگ روڈ کی جمعہ کو ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ یہ سڑک پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کی ایک بہترین مثال ہے۔

’’مستقبل میں بھی امریکہ خیبر پختونخواہ میں اور فاٹا میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت خطے کی سلامتی و ترقی کے لیے کام کرنے کے خواہشمندوں کے ساتھ مل کر کام اور تعاون جاری رکھے گا۔‘‘

تقریباً چار ارب روپے کے اس منصوبے میں ساٹھ فیصد امریکہ اور باقی لاگت خیبرپختونخواہ حکومت نے ادا کی اور اس میں سڑک پر 14 پلوں کی مرمت و کشادگی کے علاوہ اس شاہراہ کو چار سے چھ رویہ کیا گیا۔

مزید برآں سڑک کے کناروں پر بارش کے پانی کے نکاس کے لیے تقریباً ساڑھے 18 کلومیٹر طویل نالہ بھی تعمیر کیا گیا۔

امریکی سفیر اولسن کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے دوران علاقے میں تقریباً ڈیڑھ ہزار کے قریب روزگار کے عارضی مواقع پیدا ہوئے اور مستقبل میں مزید لوگوں کے روزگار کے لیے یہ منصوبہ ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

پشاور کے ترقیاتی ادارے ’’پی ڈی اے‘‘ کے اعلیٰ عہدیدار محمد صریر خان نے صحافیوں کو اس منصوبے کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے علاوہ پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ تجارتی سامان کی ترسیل میں بھی سہولت حاصل ہوسکے گی۔

’’یہاں پر صرف یونیورسٹی روڈ ہی زیادہ تر استعمال ہو رہا ہے ۔۔۔ اب نئی شاہراہ پر ٹریفک منتقل ہو گی اور پھر افغانستان کے لیے تجارتی سامان کی نقل و حمل میں بھی آسانی ہو جائے گی۔‘‘

امریکہ پاکستان کے شمال مغربی صوبے اور اس سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں اس سے قبل بھی مواصلات کے کئی منصوبوں میں معاونت فراہم کر چکا ہے جب کہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں مدد کے علاوہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے جنوبی وزیرستان میں بننے والے گومل زام ڈیم کی تعمیر میں بھی اس کی اعانت شامل ہے۔
XS
SM
MD
LG