رسائی کے لنکس

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما قاتلانہ حملے میں ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان میں حکام نے بتایا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں جمعہ کو تشدد کے مختلف واقعات میں ایک سیاسی رہنما سمیت تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

ضلع خضدار کی پولیس کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) کے سینیئر رہنما جمعہ خان ریئسانی کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اُنھیں ہلاک کر دیا۔ اس واقعے میں جمعہ خان ریئسانی کا محافظ اور ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی این پی کے رہنما نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے گھر واپس جا رہے تھے۔ کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بلوچستان کے ایک اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے حکومت کے حامی ایک قبائلی رہنما کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا جس میں چار افراد زخمی ہو گئے۔

پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے لیکن پسماندہ صوبے میں عسکریت پسندوں کے علاوہ علیحدگی پسند قوم پرست بھی تشدد کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

دریں اثنا انٹیلی جنس حکام نے بتایا ہے کہ قبائلی علاقے اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد پاکستانی افواج کی طرف سے کی گئی کارروائی میں چار جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG