رسائی کے لنکس

صدر جمعرات کو اسپتال سے گھر منتقل ہوں گے


صدر جمعرات کو اسپتال سے گھر منتقل ہوں گے
صدر جمعرات کو اسپتال سے گھر منتقل ہوں گے

صدر آصف علی زرداری کے معالجین کا کہنا ہے کہ ان کے مختلف طبی معائنوں کے نتائج نارمل ہیں اس لیے انھیں جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

صدراتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدر دبئی میں اسپتال سے گھر منتقل ہونے کے بعد معالجین کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کچھ دن آرام کریں گے اور عارضہ قلب کے علاج کی معمول کی ادویات استعمال کریں گے۔

ترجمان فرحت اللہ بابر نے امریکن اسپتال دبئی جہاں صدر زیر علاج تھے، کی طرف سے فراہم کیا گیا بیان بھی ذرائع ابلاغ کو جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر زرداری بائیں بازو کے سُن ہونے اور چند سیکنڈز کے لیے بیہوشی جیسی علامات کے ساتھ اسپتال آئے۔

اسپتال کے مطابق صدر زرداری کے عارضہ قلب کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جانے والے تمام طبی تجزیے بالکل ٹھیک تھے لیکن انھیں چند دن کے لیے ڈاکٹروں کی زیر نگہداشت رکھنے کے لیے اسپتال میں داخل کر لیا گیا تھا۔

ایک ہفتہ قبل پاکستانی صدر ناسازی طبع کے باعث اچانک دبئی چلے گئے تھے۔

ایک ایسے وقت جب حکومت سخت سیاسی دباؤ کا شکار ہے صدر زرداری کی غیر متوقع بیرون ملک روانگی سے ملک میں ان کے مستعفی ہونے کی قیاس آرائیوں کا نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ لیکن صدارتی ترجمان اور خود وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر جوں ہی صحت یاب ہوں گے تو وطن واپس آکر اپنے فرائض دوبارہ انجام دینا شروع کر دیں گے۔

XS
SM
MD
LG