میرا پاکستان کی ایسی فلم اسٹار ہیں جن کے بارے میں مورخ یہ ضرور لکھے گا کہ وہ دم توڑتی فلمی صنعت کی آخری ہیروئنز میں شامل ہیں۔ریما، ریشم ، ثناء ، میرا وغیرہ کے دور میں بہت کم اردو فلمیں بنیں،یہی وجہ ہے کہ انہیں اداکاری کے لئے فلمی پردہ چھوڑ کر کبھی بھارت تو کبھی منی اسکرین پر آنا پڑا۔
اسے اتفاق کہیے یا کچھ اور۔ ریما 2011ء کے آخری مہینوں میں شادی کے بندھن میں بندھیں تو سال 2012 کے شروع ہوتے ہی میرا کے بارے میں ملکی میڈیا میں خبریں آرہی ہیں کہ وہ بھی پیا دیس سدھارنے والی ہیں۔ ابھی ایک ہفتے ہی کی بات ہے میرا سے متعلق یہ بھی سننے میں آیا کہ وہ لالی ووڈ فلم انڈسٹری کو خبرباد کہہ رہی ہیں۔
میرا کے پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والے مختلف انٹرویوز کے مطابق میرا اریجنڈ میرج کررہی ہیں حالانکہ وہ ایک پاکستانی ٹی وی ریئلٹی شو ”کون بنے گا میراپتی“ بھی کرچکی ہیں جس میں انہیں اپنی پسند کا لڑکا چننا تھا۔ لیکن شاید اس شو کے ذریعے انہیں ان کے معیار کے مطابق لڑکا نہ مل سکا جس کے سبب اب وہ اپنے اہل خانہ کے پسندکردہ لڑکے سے شادی کرنے جارہی ہیں۔
میرا اپنے ہونے والے شوہر کے بارے میں کہتی ہیں کہ وہ ان کے بھائی احسان کےدوست ہیں ۔ شادی اور منگنی کی حتمی تاریخوں کے بارے میں میرا کہتی ہیں کہ اس کا فیصلہ ان کی والدہ کریں گی۔ میرا آگے کہتی ہیں کہ ان کے ہونے والے شوہر پائلٹ ہیں اور امریکہ میں رہتے ہیں۔
میرا کا ہنگامہ خیز ماضی
میرا کی شادی کے حوالے سے پچھلے دس برسوں میں مختلف قسم کی خبریں آتی رہی ہیں۔ ان کے ساتھی فنکاروں سے بھی ماضی میں اسکینڈل بنتے رہے ہیں۔ میرا نے 1995ء میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ابھی انہیں دوسال بھی نہیں ہوئے تھے کہ 1997ء میں اداکارہ سعود سے ان کے افیئر کی خبریں آنے لگیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی پہلی فلم ”انتہا“ سن 1999ء میں ریلیز ہوئی تھی مگر افئیر کے سبب انہیں فلم کی ریلیز سے دو سال پہلے سے ہی خبروں میں رہنے کا موقع مل گیا تھا۔
سن2004ء میں ان کی فلم ”سلاخیں “ریلیز ہوئی جبکہ اس کے اگلے سال ہی انہیں بھارتی فلم ” نظر“ میں کام کرنے کا موقع مل گیا تاہم اس فلم کے کچھ قابل اعتراض مناظر ان کی بدنامی کا سبب بنے یہاں تک کہ انہیں وطن واپس آنے کے لئے اس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز نے سیکورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
سن2008ء میں میرا کا نام پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ جوڑا گیا ۔2009ء میں عتیق الرحمن نامی ایک شخص کے ساتھ ان کی شادی کی افواہیں بھی پھیلیں۔ 2010ء میں وہ جائیداد کے تنازع کے سبب خبروں میں رہیں۔ گزشتہ سال یعنی سن 2011ء میں وہ ”کون بنے گا میرا پتی “ کے حوالے سے جانی جاتی رہیں ۔
اب سن 2012ء شر وع ہے جس میں یہ خبر گرم ہے کہ میرا پاکستانی نژاد امریکی شہری نوید سے شادی کرنے جارہی ہیں جو پیشے کے اعتبار سے ایک امریکی ائیرلائن میں پائلٹ ہیں۔
مقبول ترین
1