رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم 'درج' کی کان فیسٹیول میں نمائش


شمعون عباسی فلم 'درج' کے ایک منظر میں
شمعون عباسی فلم 'درج' کے ایک منظر میں

پاکستانی فلم 'درج' کو آج ایک نیا اعزاز ملنے والا ہے۔ فلم منگل کی شام فرانس میں جاری 'کان فلم فیسٹیول' میں دکھائی جائے گی۔

فلم کے مصنف اور ڈائریکٹر شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ کان فلم فیسٹیول میں کسی پاکستانی فلم کی اسکریننگ ملکی سنیما انڈسٹری کے لیے ایک بڑا سنگِ میل ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے شمعون عباسی نے بتایا کہ پیرس کے مقامی وقت کے مطابق منگل کی سہ پہر ساڑھے تین بجے فلم کی اسکریننگ ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سنیما کی بحالی کے بعد سے نئے نئے موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں۔ ان موضوعات کے سبب انہیں دنیا بھر میں نہ صرف پذیرائی مل رہی ہے بلکہ دنیا کے بہت سے بڑے اور اہم فلم فیسٹیولز میں بھی ان کی اسکریننگ ہو رہی ہے۔ فلم 'درج' بھی ایک ایسے ہی موضوع پر بنی ہے۔

شمعون نے بتایا، "یہ انسانی گوشت کھانے والے لوگوں کی کہانی ہے۔ پاکستان کے علاقے بھکر میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ ہو سکتا ہے کہ ایسے واقعات پہلے اور بعد میں بھی ہوتے رہے ہوں۔ لیکن ان واقعات کا سامنے آنا ضروری ہے۔ ہم نے اسی واقعے پر فلم بنائی ہے۔"

پاکستان میں یہ فلم کب ریلیز ہو گی؟ اس سوال کے جواب میں شمعون نے بتایا کہ فلم 11 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے جب کہ اس کا ٹریلر پچھلے ہفتے ہی ریلیز ہوا ہے۔

ان کے بقول "یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو پاکستان سے پہلے بیرونِ ملک ریلیز ہو گی۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اسے انٹرنیشنل پراجیکٹ کے طور پر تیار کیا ہے۔"

شمعون عباسی کے مطابق فلم امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، عمان اور قطر میں ریلیز ہو گی جب کہ آسٹریلیا، چین اور ناروے میں ریلیز کے لیے بات چیت جاری ہے۔

فلم کی کاسٹ میں شمعون عباسی کے ساتھ ساتھ شیری شاہ، مائرہ خان، دو دی خان، نعمان جاوید اور حفیظ علی شامل ہیں۔

فلم 'درج' کے پچھلے ہفتے ریلز ہونے والے ٹریلر کو ٹیوب پر اب تک 10 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم سسپینس لیے ہوئے ہے۔

XS
SM
MD
LG