رسائی کے لنکس

سابق پاکستانی کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹراظہر علی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اور کپتانی کرنا ان کے لیے اعزاز تھا۔

کراچی میں جمعے کو پریس کانفرنس میں اظہر علی کا کہنا تھا کہ وہ ہفتے کو اپنے کریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے۔

اظہر علی انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ سے باہر تھے۔ انہوں نے راولپنڈی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پہلی اننگز میں 27 جب کہ دوسری اننگز میں 40 رنز اسکور کیے تھے۔

پریس کانفرنس میں اظہر علی نے کہا کہ ایسا فیصلہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن سوچنےسمجھنے کے بعد محسوس کیا کہ میرے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا یہی درست وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ وہ 100 ٹیسٹ مکمل کریں لیکن اب یہ نہیں ہوسکتا۔ اب نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اظہر علی کو ''ان کے شاندار کریئر'' پر مبارک باد دی گئی۔ وہیں ساتھی کرکٹرز کی جانب سے اظہر علی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے گئے۔

پاکستان کرکٹر محمد حفیظ نے ایک ٹوئٹ میں اظہر علی کو سچا سفیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان داری اور وقار سے پاکستان کی خدمت کے لیے خدمت کا شکریہ۔

اظہر علی نے کہا کہ ابھی مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا ہے۔ تاہم ابھی ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کچھ مصروفیات ہیں۔

دائیں ہاتھ سےکھیلنے والے بیٹر اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا ڈیبیو 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کیا۔ انہوں نے 12 برسوں پر مشتمل اس کریئر میں 96 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں انہوں نے سات ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔

ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور 302 رنز ناقابل شکست ہے۔ انہوں نے یہ اننگز اکتوبر 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی میں کھیلی تھی۔

اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 19 سینچریاں اور 35 نصف سینچریاں اسکور کیں۔ ان کی اوسط 42 اعشاریہ 49 رہی جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 41 اعشاریہ 84 رہا۔

پاکستانی کرکٹر نے نو ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت بھی کی۔ ان کی ٹیسٹ کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف دو ہوم سیریز جیتیں۔

پریس کانفرنس کے دوران اپنے 12 سالہ کرئیر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اس دوران وہ آبدیدہ بھی ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG