پاکستان سپرلیگ کے چوتھے میچ میں عمید آصف کی تباہ کن بولنگ کے باعث پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کوباآسانی34رنز سے شکست دے دی۔
عمید آصف کوبہترین بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مصباح الحق کے ان فٹ ہونے کے باعث رومان رئیس نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال نے 69 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرکے غلط ثابت کردیا۔ کامران اکمل نے 32 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوائن اسمتھ بیٹنگ کے لئے آئے تمیم اقبال کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھااور 13اوورز میں اسکور121رنز تک پہنچادیا۔
تمیم اقبال تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں آندر رسل کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے۔ تمیم نے 29گیندوں پر 39رنز بنائے۔
اسمتھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور تیز رفتار 30رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔کپتان ڈیرن سیمی بھی صرف 9رنز ہی بناسکے جبکہ حارث سہیل نے صرف 4 رنز کی اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی نے پہلے دس اوورز میں ایک وکٹ گنواکر 100رنز بنائے۔ اس موقع پرایسا دکھائی دے رہا تھا کہ وہ 200 سے زیادہ رنزبنانے میں کامیاب ہوجائے گی لیکن بعد میں اسلام آباد کے بولرز نے اُسے 176 رنز تک ہی محدود کردیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے دو جبکہ محمد سمیع، رومان رئیس، آندر ے رسل اور سمیت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا، صرف 15 کے مجموعی اسکور پروالٹن عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
والٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی، رونچی 3، آصف علی اور حسین طلعت 7، 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ابتدائی چاروں وکٹیں عمید آصف کے حصے میں آئیں۔
ابھی اسکور 50 رنز بھی نہیں ہوا تھا کہ اسلام آباد کے پانچویں کھلاڑی افتحار احمد بھی پویلین سدھار گئے۔
پشاور زلمی کے بولنگ اٹیک کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی اورمقررہ بیس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر142رنز بناسکی۔ فہیم اشرف ناقابل شکست 54 اور سمیت پٹیل 23رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عمید آصف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 23 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کا شکار کیا اور ابتسام شیخ نے20 رنز کے عوض3وکٹیں حاصل کیں۔
پوائٹنس ٹیبل پر ملتان سلطانز چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔