رسائی کے لنکس

امریکی وزیر ِخارجہ کے دورے پر فلسطینیوں کا احتجاجی مظاہرہ


راملہ کی سڑکوں پر سینکڑوں افراد نے امریکی وزیر ِ خارجہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا، ’کیری، فلسطین میں آپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے‘۔

جمعے کے روز فلسطینیوں کی جانب سے کیے گئے ایک مظاہرے میں امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری کی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکراتی عمل اور امن معاہدے کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی ہے۔

اس موقعے پر مظاہرین نے جان کیری کے خلاف نعرہ بازی کی اور کہا کہ انہیں واپس چلے جانا چاہیئے۔

یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب چند گھنٹوں بعد امریکی وزیر ِ خارجہ اور فلسطینی صدر محمود عباس کی ملاقات طے تھی۔

راملہ کی سڑکوں پر سینکڑوں افراد نے امریکی وزیر ِ خارجہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا، ’کیری، فلسطین میں آپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے‘۔

دوسری جانب فلسطین کے صدر محمود عباس کے دفتر سے منسلک ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ جان کیری کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کے لیے فریم ورک کی تیاری کا جھکاؤ بظاہر اسرائیل کی طرف نہیں ہے۔

جان کیری کا کہنا ہے کہ فریم ورک دونوں فریقوں کے درمیان کسی حتمی معاہدے پر پہنچنے میں مددگار ثابت ہوگا اور امریکہ کی سرپرستی میں کرائے جانے والے مذاکرات کے لیے راہ ہموار کرے گا جس کی ڈیڈ لائن 29 اپریل کو ختم ہو جائے گی۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے ڈپٹی یاسر عبد ربّو کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لیے فریم ورک ابھی کسی حتمی شکل کو نہیں پہنچا مگر ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ، ’یہ معاہدہ فلسطینی سرزمین پر فسطینی اقتدار ِ اعلیٰ کو محدود کردے گا‘۔

یاسر عبد ربّو کے الفاظ، ’فلسطین، فریم ورک کے نام پر اس کاغذ کے ٹکرے کی طرف دیکھے گا بھی نہیں جس پر مستبقل میں کیے جانے والے مذاکرات کے لیے شقیں درج ہیں، جبکہ دونوں فریق پہلے ہی کئی سالوں اور مہینوں سے مذاکرات کر رہے ہیں‘۔

فلسطینی اور اسرائیلی عہدیدار مغربی کنارے کے اردن کے ساتھ لگنے والی سرحد پر پہلے ہی اپنے درمیان اختلافات کا بارہا اور واشگاف الفاظ میں اظہار کر چکے ہیں۔ اسرائیل چاہتا ہے کہ وہاں پر اپنی سیکورٹی اور موجودگی قائم کرے جبکہ دوسری طرف فلسطین کی طرف سے یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو وہاں سے نکل جانا چاہیئے۔

گذشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان بھی سامنے آیا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے پر 1,400 گھروں کی تعمیر کرے گا۔

امریکی وزیر ِ خارجہ نے صحافیوں کے ساتھ کی گئی گفتگو میں کہا کہ معاہدے میں سرحدوں اور سیکورٹی کے معاملات کے ساتھ ساتھ دیگر تنازعوں جیسا کہ پناہ گزینوں کے مسائل اور یروشلم پر بھی بات کی جائے گی۔

امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری نے جمعرات کے روز اسی حوالے سے اسرائیلی وزیر ِاعظم بنجمن نیتن یاہو سے پانچ گھنٹے کی طویل ملاقات کے ساتھ ساتھ جمعے کے روز بھی اسرائیلی وزیر ِ اعظم کے ساتھ ایک اور ملاقات کی۔

جمعے کے روز ہی ان کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
XS
SM
MD
LG