امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا جمعے سےلاطینی امریکی ممالک کا دورے کا آغاز کررہے ہیں جس کا مقصد خطے میں منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
لاطینی امریکہ ایسا خطہ ہے جہاں عرصہ دراز سے امریکہ کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر رہا ہے۔ لیکن خطے میں منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ کے مضبوط اور منظم گروہوں سے لاحق دہشت گردی کے خطرات میں اضافے کے باعث امریکی رہنمائوں کی توجہ اس خطے پر مرکوز ہوگئی ہے۔
رواں ماہ امریکی صدر براک اوباما نے کولمبیامیں ہونے والے خطے کے ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ کانفرنس کے لگ بھگ ایک ہفتے بعد اب امریکی وزیرِ دفاع خطے کے تین اہم ممالک کولمبیا، برازیل اور چلی کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پنیٹا کے اس دورے کے دوران میں خطے کے ممالک میں سرگرم جرائم پیشہ خصوصاً منشیات فروش گروہوں اور متعلقہ حکومتوں کی ان سے نبٹنے کی صلاحیت سے متعلق معاملات توجہ کا مرکز رہیں گے۔
بعض ماہرین کے مطابق امریکہ کو لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت اور اس کے ایران کے ساتھ تعلقات پر گہری تشویش ہے جس پر یقیناً اس دورے کے دوران میں ہونے ملاقاتوں میں بھی گفتگو کی جائے گی۔
وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز کی بگڑتی ہوئی صحت اور ملک میں رواں برس ہونے والے انتخابات کے پیشِ نظر اس ملک کے بارے میں امریکہ کی تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
ماہرین کے خیال میں امریکی وزیرِ دفاع خطے میں امریکہ کے دوست ممالک سے وینزویلا پر نظر رکھنے اور وہاں کی صورتِ حال سمجھنے میں امریکہ کی مدد کرنے کی درخواست کریں گے۔
امریکی وزیرِ دفاع کے دورہ کولمبیا کے دوران میں صدر اوباما کے محافظوں کے متعلق سامنے آنےوالے اسکینڈل پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 'سمٹ آف امریکہ' میں شرکت کی غرض سے امریکی صدر کے ساتھ کولمبیا جانےو الے 'سیکرٹ سروس' اور بعض امریکی فوجی اہلکاروں کے ایک قحبہ خانے کی طوائفوں کے ساتھ اسکینڈل سامنے آنے پر امریکہ کو خفت اٹھانا پڑی ہے۔
کولمبیا اور امریکہ کے بعض حلقوں نے شکایت کی ہے کہ خطے کے 30 سے زائد ممالک کےسربراہی اجلاس کے عین موقع پر کھڑے ہونے والے اس تنازع کے باعث ذرائع ابلاغ اور عوام کی توجہ اس اہم اجلاس میں ہونے والی پیش رفت سے ہٹ کر اسکینڈل کی جانب مبذول ہوگئی تھی۔
امریکی فوج کے اعلیٰ ترین عہدیدار جنرل مارٹن ڈیمپسی نے اس اسکینڈل کو باعثِ شرم قرار دیا ہے۔ امکان ہے کہ پنیٹا کولمبیا کا دورہ کرکے ایک بار پھر منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں سے متعلق معاملات کو اجاگر کریں گے۔