رسائی کے لنکس

'سافٹ ویئر کامیابی سے اپ ڈیٹ ہو گیا'؛ پی سی بی کی نئی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے


پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ کے اہم واقعات پر مبنی ایک نئی ویڈیو جاری کر دی ہے جس میں سابق کپتان عمران خان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پی سی بی نے 76ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری کردہ ویڈیو میں 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کو شامل نہیں کیا تھا جس پر کرکٹ مبصرین، سابق کھلاڑیوں اور شائقین نے کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پی سی بی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ویڈیو کی طوالت کی وجہ سے پہلے جاری کردہ ویڈیو میں چند اہم کلپس شامل نہیں کیے گئے تھے۔ اب اسے درست کرنے کے بعد مکمل ویڈیو جاری کی جا رہی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بدھ کی شب جاری کردہ ویڈیو میں 1952 سے لے کر اب تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور اہم واقعات کی ویڈیو اور تصاویر موجود ہیں۔اس ویڈیو میں خاص طور پر 1992 ورلڈ کپ کی فتح کے مناظر بھی لگائے گئے ہیں جن میں عمران خان نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی پی سی بی کی نئی ویڈیو پر تبصروں کا سلسلہ جاری رہے اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بھی چل رہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ مبصر اور اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے پی سی بی کی نئی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی کو اب یاد آ گیا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے لیے کھیلا اور اپنی قیادت میں پاکستان کو ورلڈ کپ بھی جتوایا۔

کرکٹ شائق فرید خان نے کہا کہ یہی کام پہلے کر دیتے تو اتنا ردِعمل نہ آتا۔

آصف محمود نامی صارف نے لکھا کہ شدید تنقید کے بعد پی سی بی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا ہے اور انہوں نے کرکٹ کی تاریخ کو عمران خان سے جوڑ دیا ہے۔ کیوں کہ عمران خان کے بغیر کرکٹ کی تاریخ نامکمل ہے۔

ایڈووکیٹ میاں عمر لکھتے ہیں سوشل میڈیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کے دباؤ کے بعد پی سی بی کو اپنی پرانی ویڈیو ڈیلیٹ کر کے عمران خان کو ویڈیو میں شامل کرنا پڑ گیا۔

وجاہت احمد کہتے ہیں کرکٹ میں سیاست کو لے کر نہ آئیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل جو ویڈیو جاری کی تھی اس میں 1986 کے جاوید میاں داد کے شارجہ کے تاریخی چھکے سے لے کر 1992 کے ورلڈ کپ اور پھر 2000 اور 2012 کے ایشیا کپ جیتنے سمیت 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیابی کے مناظر موجود ہیں۔ لیکن اس ویڈیو میں 1992 میں پاکستان کے لیے تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان کی ویڈیو یا تصویر کہیں استعمال نہیں کی گئی تھی۔

سن 1992 کے ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کھلاڑی اور سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بدھ کو ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے اس وقت صدمہ پہنچا جب میں نے پی سی بی کی پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر ایک مختصر ویڈیو دیکھی جس میں 'گریٹ عمران خان' کو مائنس کیا گیا تھا۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ نئی ویڈیو پر ایک ایکس صارف نے لکھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن عمران خان سے بڑا کھلاڑی پاکستان میں نہیں۔ بحث ختم۔

امبرین مختار احمد نامی صارف نے پی سی بی کی ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ کپتان سے پنگا ناٹ چنگا۔ پی سی بی کا سافٹ ویئر کامیابی سے اپ ڈیٹ ہو گیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG