رسائی کے لنکس

پی ایس ایل فائیو: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو بآسانی ہرا دیا


اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں سے  حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں سے  حاصل کر لیا۔

پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کے تیسرے روز دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں سے حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اوپننگ جوڑی لوک رونکی اور کولن منرو نے اعلی بلے بازی کا مظاہرے کیا اور پہلی وکٹ پر 92 رنز کی شراکت قائم کی۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین منرو نے 32 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جس کے بعد وہ شاہد آفریدی کی لیگ اسپن پر بولڈ ہو گئے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود اور جیمز وینس نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیمز وینس نے معین علی کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

جیمز وینس، معین علی اور ریلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 164 تک پہنچایا۔

سابق کپتان بوم بوم آفریدی بھی ملتان سلطانز کے لیے صرف 11 رنز کی اننگز کھیل سکے۔

ذیشان اشرف 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ چار، فہیم اشرف دو جب کہ محمد موسیٰ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک سو پینسٹھ رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بولرز نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا۔

لیوک رونکی اور کولن منرو نے پہلی وکٹ کی شراکت پر 92 رنز اسکور کر کے اپنی ٹیم کے لیے مضبوظ بنیاد فراہم کی۔

منرو کو شاہد آفریدی نے بولڈ کیا تو دوسری طرف موجود رونکی نے اپنا کھیل جاری رکھا اور 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنے والے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر ٹیم کو مزید 71 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔

لیوک رونکی نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 165 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر لیوک رونکی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا تھا جب کہ ملتان سلطانز نے ایونٹ کا آغاز لاہور قلندرز کو ہرا کر جیت کے ساتھ کیا تھا۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ کامران اکمل نے صرف 55 گیندوں پر 101 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے حیدر علی نے 25، شعیب ملک نے سات جبکہ ٹام بینٹن نے صرف تین رنز بنائے۔ کامران اکمل کے سامنے کوئٹہ کے بولرز بے بس نظر آئے۔ محمد نواز نے 2.2 اوور میں 30 رنز دیے جب کہ فواد احمد نے تین اوورز میں 33 رنز دیے۔

کامران اکمل اس سے قبل پی ایس ایل کے 2017 اور 2018 سیزنز میں بھی سنچریز بنا چکے ہیں۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میچ کا آغاز ہوا تو 33 رنز کے مجموعے پر گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان شین واٹسن کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ واٹسن صرف 8 رنز بنا سکے اور وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پچاس رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ پچھلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اعظم خان آج صرف پانچ رنز ہی بنا سکے۔

کوئٹہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین جیسن رائے تھے جنہوں نے 57 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ محمد نواز صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سہیل خان نے بھی دو رنز اسکور کیے۔ یوں پانچ وکٹوں کے نقصان پر گلیڈی ایٹرز نے 148 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے بالنگ میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے والے بالر وہاب ریاض تھے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ راحت علی، عامر خان اور کپتان ڈیرن سیمی بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل ایونٹ کا آغاز فتح سے کیا تھا جب کہ پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG