پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے اپوزیشن رہنماوں کی تقریروں کے نشر کرنے پر پابندی سے متعلق وائس آف امریکہ اردو کے پروگرام ، جہاں رنگ ، میں میزبان بہجت جیلانی سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار سلمان عابد نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں حکومت مخالف رجحان واضح ہے لیکن حکومت کو بھی اپنے انداز پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
تاہم تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن افتخار چوہدری کا کہنا تھا کہ ادارے خود مختار ہیں اور جس انداز میں حکومت پر تنقید کی جاتی ہے وہ بھی ڈھکی چھپی نہیں، اگر حکومت نے پابندیاں لگا رکھی ہوں، تو اتنے کھلے انداز میں اظہار خیال نہ ہو رہا ہو۔ اس بات چیت کا آڈیو کلپ سننے کے لئے یہاں کلک کیجئے ۔
پاکستان میں کئی ٹی وی چینلز کا کہنا ہے کہ جمیعت العلمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اکتیس اکتوبر کو ہونے والے دھرنے کی میڈیا کوریج پر پیمرا نے پابندی عائد کر رکھی ہے ۔ چند روز قبل جیو اور کئی دوسرے پاکستانی چینلز نے جمعت العلمائے اسلام کے رہنما مولانافضل الرحمن کی تقریر کی براہ راست کوریج درمیان میں روک کر یہ اعلان کیا تھا کہ پیمرا کی ہدایات کی روشنی میں مکمل تقریر دکھائی نہیں جا سکتی۔