پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختون خواہ میں پشتو کی ایک نامور گلوکارہ کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں مقامی حکام کے مطابق گلوکارہ غزالہ جاوید اور ان کے والد کو شہر کے علاقے ڈبگری میں نشانہ بنایا گیا۔
مقامی پولیس اسٹیشن کے ایک عہدے دار ابراہیم نے وائس آف امریکہ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر مقتولہ کا سابقہ شوہر ملوث ہے۔
’’غزالہ جاوید بیوٹی پارلر سے باہر نکل رہی تھی اور اس کے والد گاڑی میں بیٹھے تھے کہ اسی اثنا میں تین مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔‘‘
ابراہیم کے بقول ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم ابھی تک کوئی انھیں کامیابی نہیں ہوسکی۔
غزالہ جاوید کا تعلق سوات سے تھا اور چند سال قبل وادی میں امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث وہ اپنے خاندان کے ساتھ پشاور منتقل ہو گئی تھیں۔