شاہد آفریدی کی بوم بوم بیٹنگ کےباعث پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔ آفریدی نے ناقابل شکست 45 رنز بنائے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا۔
اسد شفیق اور احمد شہزاد کی اوپننگ جوڑی صرف 4 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اسد شفیق نے تین رنز بنائے جبکہ احمدشہزاد کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ دونوں کو محمد اصغر نے آؤٹ کیا۔
اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے باوجود کیون پیٹرسن اور ریلی روسوؤ نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور اسکور 90 رنز تک پہنچادیا۔
اس موقع پرروسوؤ 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اسکور میں صرف 8 رنز کے اضافے کے بعد کیون پیٹرسن بھی پویلین لوٹ گئے، پیٹرسن نے 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز احمد 8 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے، محمود اللہ کو وہاب ریاض نے صفر پر کلین بولڈ کیا۔ محمد نواز کو حسن علی نے 18 رنز پر آؤٹ کیا۔ ذوالفقار بابر صفر اور عمر گل صرف 2 رنز بناسکے۔ یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
کیون پیٹرسن، روسوؤ اور محمد نواز کے سوا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کر سکا۔
پشاور زلمی کی طرف سے محمد اصغر نے تین، حسن علی اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ شکیب الحسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اعتماد کے ساتھ اننگز شروع کی اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے اسکور 38 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر تمیم اقبال 7 رنز بنا کر محمود اللہ کا شکار ہو گئے۔ مجموعی اسکور 50 پر پہنچا تو سیموئلز صرف 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئےْ۔ کامران اکمل 26 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہو گئے جبکہ شکیب الحسن صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ محمود اللہ نے لگاتار دو گیندوں پر صہیب مقصود اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر کے پشاور زلمی کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
مشکل صورتحال میں شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح پشاور زلمی نے 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محموداللہ اور تیمل ملز نے تین، تین جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے محمد اصغر کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے 9،9 پوائنٹس، اسلام آباد کے 8 جبکہ لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے 6،6 پوائنٹس ہیں۔
ایونٹ میں اتوار کو واحد اور اہم ترین میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔