اتوار کو لاہور میں کھیلے گئے شاندار فائنل میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ جیت لیا۔
کھیل کے ماہرین کی نگاہ میں یہ یکطرفہ میچ ثابت ہوا۔
پشاور زلمی کے 148 کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم محض 90 رن اسکور کر سکی، اور پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی۔
لاہور میں کھیلے گئے اس فائنل میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے149 رنز کا نسبتاً آسان ہدف دیا تھا۔
پی ایس ایل کے اس فیصلہ کُن میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 148 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کو آج کے میچ میں شاہد آفریدی کی خدمات حاصل نہیں تھیں، کیوں کہ وہ زخمی ہیں۔ ان کی جگہ افتخار احمد کو موقع دیا گیا۔
پشاور زلمی کی طرف سے کامران اکمل اور ڈیوڈ میلان نے اننگز شروع کی۔ کامران اکمل نے ذوالفقار بابر کے پہلے اوور میں تین چوکے اور بعد میں ڈیوڈ میلان نے انور علی کے اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر اپنے پختہ ارادے کا اظہار کیا اور صرف 4 اوورز میں اسکور41 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ڈیوڈ میلان ریاد ایمریٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
میلان کے آؤٹ ہونے کے بعد سیموئلز میدان میں اترے، پاور پلے کے اختتام پر پشاور زلمی نے ایک وکٹ گنوا کر 52 رنز بنا لئے تھے۔ کامران اکمل اور سیموئلز نے دوسری وکٹ کیلئے 40رنز کی شراکت داری قائم کی۔
اِن فارم کامران اکمل 40 رنز بنا کر حسن خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے سیموئلز کو کلین بولڈ کر دیا۔وہ 19 رنز بنا سکے۔ خوشدل شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بنا کر حسن خان کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔
یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے باعث پشاور زلمی کی رنز بنانے کی رفتار بھی سست ہوگئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے زلمی کے بیٹسمینوں کیلئے گیند باؤنڈری لائن سے باہر پھینکنا مشکل بنا دیا۔ محمد حفیظ رنز کی رفتار تیز کرنے کی کوشش میں ایمرٹ کی گیند پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایمرٹ نے اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
کپتان ڈیرن سیمی مشکل صورتحال میں بیٹنگ کیلئے آئے اور دھواں دار انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 10 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 28رنز بنائے۔ اس طرح پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طر ف سے پہلا میچ کھیلنے والے ایمرٹ نے تین، حسن خان نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔