رسائی کے لنکس

پی ایل او: اسرائیل کے ساتھ تعاون روکنے کا مطالبہ


فائل
فائل

تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا صدر عباس اپنی جماعت کی سفارشات پر عمل کریں گے یا نہیں۔ اسرائیل نے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

فلسطین کے صدر محمود عباس کی جماعت 'تحریکِ آزادیٔ فلسطین' (پی ایل او) نے اسرائیل کے ساتھ سلامتی سے متعلق امور پر تعاون معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطین کی حکمران جماعت نے جمعرات کو اپنی سفارشات میں فلسطینی اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے محصولات کی ادائیگی روکنے پر اس کے ساتھ تعاون پر نظرِ ثانی کرے۔

'پی ایل او' کی مرکزی کونسل کی جانب سے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی پاسداری نہیں کر رہا ہے جس کے بعد اس کے ساتھ سکیورٹی تعاون جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا صدر عباس اپنی جماعت کی سفارشات پر عمل کریں گے یا نہیں۔ اسرائیل نے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

اسرائیلی حکومت اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان سکیورٹی تعاون کا مقصد انٹیلی جنس کے تبادلے اور باہم رابطوں کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی شہریوں کے درمیان پرتشدد واقعات کو روکنا ہے۔

'پی ایل او' نے یہ مطالبہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کو ٹیکسوں کی مد میں دی جانے والی رقم روکنے کے جواب میں کیا ہے۔

اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے ٹیکس اکٹھے کرتا ہے اور فلسطینی اتھارٹی اس رقم سے اپنے روز مرہ کے اخراجات پورے کرتی ہے۔

فلسطینی حکومت کی جانب سے رواں سال جنوری میں بین الاقوامی عدالت برائے جرائم (آئی سی سی) کی رکنیت کی درخواست دینے کے بعد اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو اس رقم کی ادائیگی روک دی تھی جس کے باعث فلسطینی انتظامیہ مالی مشکلات کا شکار ہے۔

امریکہ اور اسرائیل بین الاقوامی عدالت کی رکنیت حاصل کرنے کی فلسطینی کوششوں کے سخت مخالف ہیں اور اسے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی راہ میں رکاوٹ قرار دے چکے ہیں۔

اس سے قبل جمعے کو ہی مشرقی یروشلم میں ایک مشتبہ فلسطینی ڈرائیور نے اپنی گاڑی ایک پولیس تھانے کے باہر فٹ پاتھ پر موجود راہ گیروں پر چڑھا دی تھی جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق راہ گیروں پر گاڑی چڑھانے کے بعد ڈرائیور ہاتھ میں خنجر میں لیے ان پر حملہ کرنے کی غرض سے گاڑی سے باہر آیا تھا جسے موقع پر موجود ایک پولیس اہلکار نے گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔

اسرائیل میں حالیہ مہینوں کے دوران فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی شہریوں کو گاڑی تلے کچلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG