پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے دبئی پہنچے ہیں جہاں انھوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہ سے ملاقات کی ہے۔
دبئی میں آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹینا لگارڈ سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کرپشن کے خاتمے سمیت دیگر شعبوں میں کی گئی اصلاحات سے آگاہ کیا ہے۔
ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس ملاقات کو ’تعمیری‘ قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے آئی ایم ایف کے پرواگرام پر بات چیت ہوئی ہے۔
کرسٹینا لگارڈ نے کہا کہ ’’آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے اور فیصلہ کن پالیسی اور اقتصادی اصلاحات سے ہی پاکستان کی معیشت مستحکم ہو سکتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’نئی حکومت کے ایجنڈے میں غریب طبقے کی مدد کرنا اور گورننس پر توجہ دینا وہ اہم ترجیحات ہیں جن سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہو سکتا ہے۔‘
’پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع`
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اتوار کو ایک روزہ دورے پر دبئی پہنچے ہیں جہاں انھوں نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی, ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے ورلڈ گورنمنٹ کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں اصلاحات کا عمل مشکل ہے لیکن بہت ضروری ہے اور حکومت اقتصادی اصلاحات کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے زبردست مواقع موجود ہیں اور اس وقت سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر، مشیرِ تجارت رزاق داؤد سمیت کابینہ کے دیگر اراکین بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔
اس بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت، اقتصادی ماہرین اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں جب کہ کانفرنس میں عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹینا لگارڈ بھی شریک ہیں۔