رسائی کے لنکس

مظاہرین کےخلاف کارروائی


مظاہرین کےخلاف کارروائی
مظاہرین کےخلاف کارروائی

لاس اینجلس اور فلاڈیلفیا میں قائم 'وال اسٹریٹ پر قبضہ کرلو' تحریک سے متعلق مظاہرین کے احتجاجی کیمپوں کو خالی کرالیا گیا، پولیس نے250 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا

امریکہ میں پولیس نےلاس اینجلس اورفلاڈیلفیا میں قائم 'وال اسٹریٹ پرقبضہ کرلو' تحریک سے متعلق مظاہرین کے احتجاجی کیمپوں کو خالی کرتے ہوئے250 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

بدھ کی صبح لاس اینجلس کے'سٹی ہال' کے گرد گزشتہ آٹھ ہفتوں سےموجود مظاہرین کے کیمپ پر کی گئی کاروائی میں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

کارروائی سے قبل کئی مظاہرین نےرضاکارانہ طور پر احتجاجی کیمپ خالی کردیا تھا جس کے بعد احکامات کی تعمیل کرنے سے انکار کرنے والے 200 سے زائد مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

ادھر امریکہ کے مشرقی شہر فلاڈیلفیا میں بھی پولیس نے اسی نوعیت کی ایک کاروائی کے دوران مظاہرین کی جانب سے قائم کردہ عارضی کیمپ اکھاڑ دیا۔ بعد ازاں مظاہرین نے پولیس کارروائی کے خلاف شہر میں احتجاجی مارچ کیا جس پہ حکام نے 52 افراد کو گرفتارکرلیا۔

ماضی میں دیگر شہروں میں قائم احتجاجی کیمپوں کو مظاہرین سے خالی کرانے کی کاروائیوں کے برعکس بدھ کو کی گئی دونوں کارروائیاں پرامن رہیں اور ان کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

اس سے قبل پولیس نے مظاہرین کو کیمپ خالی کرنے کے لیے اتوارتک کا وقت دیا تھا۔

لاس اینجلس کے شہری حکام نے احتجاجی مظاہرین کے کیمپ کو "غیرقانونی اجتماع" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ کو اکھاڑنے کی کاروائی جرائم، املاک کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات اور صحت و صفائی کی صورتِ حال کے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 'وال اسٹریٹ پر قبضہ کرلو' نامی اس تحریک کا آغاز نیویارک کے 'زکوٹی پارک' سے اس وقت ہوا تھا جب 17 ستمبر کو مظاہرین کے ایک مختصر سے گروہ نے بڑے کاروباری اداروں کی لالچ اور امیر اور غریب کے درمیان دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی خلیج پر توجہ مرکوز کرانے کے لیے اپنے احتجاج کا آغاز کیا تھا۔

بعد ازاں یہ مظاہرے امریکہ کے کئی دیگر شہروں اور پھر دنیا کے دیگر ممالک تک پھیل گئے تھے جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG