سنگین غداری کیس: لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری
سپریم کورٹ نے سنگین غداری کیس کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کا معاملہے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ ک تفصیلی فیصلے کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے ساتھ سپریم کورٹ کے احکامات کے بھی خلاف ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلوں کےخلاف اپیلیں سپریم کورٹ ہی سن سکتی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کو خصوصی عدالت کی تشکیل کا مقدمہ سننے کا اختیار نہیں تھا۔ خصوصی عدالت اسلام آباد میں تھی اس وجہ سے بھی لاہور ہائی کورٹ مقدمہ سننے کی مجاز نہیں تھی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق مجاز فورم پر موجود تھا۔ متعلقہ فورم کو چھوڑ کر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا جا سکتا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ کا یہ کہنا درست نہیں کہ خصوصی عدالت کی تشکیل وفاقی حکومت نے نہیں کی تھی۔ خصوصی عدالت کی تشکیل کی منظوری وفاقی کابینہ سے بعد میں لی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کو بری کرکے وہ ریلیف دیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا فارم 45 اور 47 اپ لوڈ نہ کرنے کا معاملہ، کیس کی سماعت کل تک ملتوی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے منگل کو مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
ایم ڈبلیو ایم کے وکیل کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق الیکشن کے بعد 14 دن کے اندر ویب سائٹ پر فارم اپ لوڈ کرنے ہوتے ہیں۔
ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی، درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تعیناتی کے خلاف دائر درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔
قبل ازیں دورانِ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ کیوں کہا جا رہا ہے کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟
جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے مطابق منتخب اور نگراں وزیرِ اعظم میں فرق ہے۔ نگراں وزیرِ اعظم پی سی بی کا پیٹرن ان چیف نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن ان چیف وزیرِ اعظم کے پاس ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ: ایکس کی بندش پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی پاکستان میں بندش کے خلاف دائر درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
’ایکس‘ کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر منگل کو سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا ایکس بند ہے؟
جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایکس 17 فروری سے بند ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں بھی یہ معاملہ تھا اس پر کیا ہوا؟
جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں منگل کو ہی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی ہے
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔