رسائی کے لنکس

مسلم لیگ (ق) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ، پی ٹی آئی کا کمیٹی بنانے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان مسلم لیگ ق کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیا الرحمٰن کے مطابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پیر کو کمیٹی کے لیے ناموں کی منظوری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق سے مشاورت کے لیے پی ٹی آئی کی کمیٹی شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور فواد چوہدری پر مشتمل ہو گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات کرے گی۔ تاہم خصوصی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تاحال ق لیگ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا ق لیگ سے 15 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کا امکان ہے۔

توشہ خانے سے تحائف وصولی کی تفصیلات طلب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے توشہ خانے سے 1947 سے اب تک تحائف وصول کرنے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے پیر کو شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ 1947 سے اب تک توشہ خانہ سے مختلف شخصیات کے تحائف وصول کرنے کی تفصیلات عام کی جائیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ توشہ خانے سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ یہ فیصلہ عدالت کو کرنا ہے کہ معلومات کو خفیہ رکھا جائے یا اسے عام کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی کو 16 جنوری تک تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن کی جماعت تحریکِ انصاف نے حکومت کے وکیل کی عدالت میں مؤقف پر تنقید کی ہے۔

شراب لائسنس معاملہ: عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں توسیع

احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور تحریکِ انصاف کے رہنما عثمان بزدار کی نجی ہوٹل کو شراب لائسنس جاری کرنے کے لیے اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت کرا چکے ہیں۔

پیر کو عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے خلاف تحقیقات بند کرنے کی سفارشات ہیڈ کوارٹر اسلام میں ارسال کی ہیں۔

تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے خلاف تحقیقات بند کا اختیار ہیڈ آفس کو حاصل ہے۔

بعد ازاں عدالت نے عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں آئندہ برس پانچ جنوری تک توسیع کر دی۔

وزیرِ اعظم کی چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات کا امکان

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی پیر کو ایک بار پھر سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کا امکان ہے۔

شہباز شریف نے اتوار کو بھی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی اور پنجاب کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

شہباز شریف نے پیر کی صبح مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کا لاہور میں اہم اجلاس بھی طلب کیا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ تمام سیاسی پیش رفت ایسے موقع پر ہو رہی ہیں جب چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے آئندہ جمعے کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG