رسائی کے لنکس

تحریکِ انصاف کا احتجاج: اسلام آباد میں تعلیمی ادارے بند، انٹرنیٹ سروس معطل

وفاقی دارالحکومت میں تحریکِ انصاف کی جانب سے آج احتجاج کے اعلان کے سبب انتظامیہ نے اسلام آباد میں داخل ہونے کے تمام راستے سیل کر دیے ہیں یا ان پر سیکیورٹی دستے تعینات ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر اور سوشل میڈیا ویب سائٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

13:09 24.11.2024

رکاوٹیں ہیں لیکن آمد و رفت کو بند نہیں کیا گیا: آئی جی اسلام آباد کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بھرپور سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

آئی جی علی ناصررضوی نے کاڈی چوک کے دورے کے دوران گفتگو میں کہا کہ سیکیورٹی پلان کا مقصد شرانگیزی کو روکنا ہے۔

آئی جی اسلام آباد کا دعویٰ تھا کہ کوئی بھی روڈ بند ہے تو اس کے ساتھ ایک لین کو کھلا رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مقامی میڈیا میں یہ رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ بیشتر شاہراہوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ آنے اور جانے والے راستے کھلے ہوئے ہیں۔ رکاوٹیں ہیں لیکن آمد و رفت کے سلسلے کو بند نہیں کیاگیا۔

انہوں نے احتجاج کے شرکا کو متنبہ کیا کہ کسی کے پاس اسلحہ یا ممنوعہ چیز ہو گی تواس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

12:43 24.11.2024

خیبر پختونخوا اور پنجاب کی سرحد سیل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت نے خیبر پختونخوا سےپاکستان تحریکِ انصاف کے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے اٹک خورد کے مقام پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد مکمل طور پر بند کر دی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اٹک کے مقام پر کئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ قافلوں کو روکا جا سکے۔

علاوہ ازیں دونوں صوبوں کو ملانے والی سرحد پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی اہل کاروں کو شیلنگ کے لیے گولے، جیکٹس، ہیلمنٹ اور ڈنڈوں سے لیس کر دیا گیا ہے۔

12:40 24.11.2024

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا منصوبہ بندی کے تحت خون ریزی چاہتے ہیں: وزیرِ دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع اور حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی مسلح جتھے اور لشکر لے کر آ رہی ہے تو حکومت بھی اسی طرح ان کا مقابلہ کرے گی۔

مقامی میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا منصوبہ بندی کے تحت خون ریزی چاہتے ہیں۔ ان کے بقول اس کو حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

12:34 24.11.2024

اسلام آباد راولپنڈی میں میٹرو بس، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں میٹرو بس معطل کر دی گئی ہے۔

پمز اسپتال سے بارہ کہو تک گرین لائن سروس کو بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب بند کر دیا گیا ہے۔

جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے جب کہ وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس بند کی جائے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG