رسائی کے لنکس

شیخ حسینہ کی کابینہ کے وزرا کی گرفتاریوں اور بیرونِ ملک جانے کی اطلاعات

بنگلہ دیش کی فوج میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

14:11 6.8.2024

صدارتی حکم نامے کے بعد خالدہ ضیا کی جلد رہائی کا امکان

بنگلہ دیش کی پہلی خاتون سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا کی گھر میں نظر بندی جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے عبوری حکومت کے قیام کے لیے سیاست دانوں اور فوج سے بات چیت کے بعد پیر کی شب اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

خالدہ ضیا پر 2018 میں یتیم خانے کے لیے بیرونِ امداد میں سے ڈھائی لاکھ ڈالر چوری کرنے کا الزام تھا جس پر انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ خالدہ ان الزامات کو سیاسی قرار دیتی رہی ہیں۔

خالدہ ضیا کو ناساز طبیعت کی وجہ سے مارچ 2020 میں انسانی بنیاد پر گھر میں ہی نظر بند کر دیا گیا تھا۔ انہیں جگر کے مرض سمیت شوگر اور دل کے امراض لاحق ہیں اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے سیاست سے دور ہیں۔

13:09 6.8.2024

ناہد اسلام: شیخ حسینہ کے خلاف احتجاجی تحریک میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹوڈنٹ لیڈر

بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے والے طلبہ رہنما ناہد اسلام اس وقت مقامی خبروں میں چھائے ہوئے ہیں اور وہ عبوری حکومت کے قیام میں بھی نمایاں نظر آ رہے ہیں۔

ناہد اسلام بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ مظاہروں کے منتظم اور کوٹہ نظام کے خلاف طلبہ تحریکِ کے روح رواں ہیں۔ ان کی قیادت میں کوٹہ سسٹم کے خلاف شروع ہونے والی تحریک وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے کی وجہ بنی ہے۔

بنگلہ دیش میں طلبہ کے احتجاج کی بدولت شیخ حسینہ کو نہ صرف عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا بلکہ وہ ملک چھوڑ کر بھارت میں پناہ لینے پر مجبور ہوئی ہیں۔

ناہد اسلام ڈھاکہ یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کے طالب علم ہیں جو انسانی حقوق کے کارکن بھی ہیں۔ اس کے ساتھ وہ ملک بھر میں 'امتیاز کے خلاف طلبہ کی تحریک' کے قومی سطح کے منتظم ہیں۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم 'فرنٹ لائن ڈفینڈرز' کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف تحریک کے دوران ناہد اسلام کو دو مرتبہ حراست میں لیا گیا۔

ناہد نے 20 جولائی کو دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے انہیں 'اغوا' کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا۔ تاہم پولیس ان کے اس دعوے کی تردید کرتی ہے۔

ناہد کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں چند پولیس اہلکاروں کو انہیں گاڑی میں بٹھاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

مزید پڑھیے

13:06 6.8.2024

بنگلہ دیش: طلبہ رہنماؤں کا تین بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم

بنگلہ دیش میں طلبہ احتجاجی تحریک کے رہنماؤں نے صدر مملکت شہاب الدین کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طلبہ رہنماؤں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اگر صدر نے دوپہر تین بجے تک پارلیمنٹ تحلیل نہ کی تو طلبہ کی جانب سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

طلبہ رہنماؤں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت تک پارلیمنٹ تحلیل نہ ہوئی 'انقلابی طلبہ' تیار رہیں۔

10:11 6.8.2024

بنگلہ دیش پر کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنے والی شیخ حسینہ کون ہیں؟

بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ پیر کو مستعفی ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت روانہ ہو گئی تھیں۔ شیخ حسینہ کو دنیا میں طویل مدت تک حکمرانی کرنے والی خاتون کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ شیخ حسینہ کے سیاسی سفر کے بارے میں جانیے اس رپورٹ میں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG