بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے ممکنہ اہم کردار محمد یونس کون ہیں؟
بنگلہ دیش میں طلبہ کی احتجاجی تحریک کی مرکزی قیادت نے نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معیشت اور شیخ حسینہ کے سیاسی حریف محمد یونس کی سربراہی میں حکومت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
شیخ حسینہ کے وزارتِ عظمیٰ سے استعفے اور بھارت روانگی کے اگلے دن بنگلہ دیش کے صدر شہاب الدین نے اسمبلی تحلیل کر دی ہے اور نئے انتخابات کے لیے عبوری حکومت کی تشکیل کا عندیہ دیا ہے۔
طلبہ نے عبوری حکومت کی سربراہی کے لیے بینکر محمد یونس کا نام تجویز کیا ہے۔ محمد یونس نے قرضے دینے والا 'گرامین بینک' قائم کیا تھا۔ اس بینک کے ذریعے بنگلہ دیش میں غربت کے خاتمے کے لیے محمد یونس کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2006 میں نوبیل امن انعام دیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش میں استحکام کی بحالی کے لیے پُر امید ہیں: چین
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں جاری صورتِ حال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
بنگلہ دیش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ چین بنگلہ دیش کا دوست، ہمسایہ اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پورے خلوص کے ساتھ بنگلہ دیش میں سماجی استحکام کی جلد از جلد بحالی کے لیے پر امید ہے۔
بنگلہ دیش میں اقلیتی گروپس پر حملے باعثِ تشویش ہیں: یورپی یونین
بنگلہ دیش میں تعینات یورپی سفارت کاروں نے کہا ہے کہ اقلیتی گروپس پر حملوں کی اطلاعات باعثِ تشویش ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیر کو شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کے بعد بعض مقامات پر ہندو کمیونٹی کے کاروبار اور گھروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
بنگلہ دیش میں تعینات یورپی یونین کے سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ یورپی مشن بنگلہ دیش میں اقلیتیوں کی عبادت گاہوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات پر گہری تشویش رکھتا ہے۔