رسائی کے لنکس

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا

جمعرات کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی کو سنگین الزامات کا سامنا تھا، اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو اُنہیں برطرف کر دیا جاتا۔

12:22 7.3.2024

نواز شریف کے صاحبزادوں کے دائمی وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

حسین اور حسن نواز نے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز میں وارنٹ معطلی کی درخواستیں دائر کی تھیں جن پر جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی۔

عدالت وارنٹ معطلی پر محفوظ فیصلہ آج دو بجے سنائے گی۔

ملزمان کی جانب سے وکیل قاضی مصباح احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل میں کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں پانچ ملزمان تھے جن میں سے تین کو سزا ہوئی جب کہ حسین اور حسن نواز کے عدالت حاضر نہ ہونے کے باعث دائمی وارنٹ جاری ہوئے تھے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حسین اور حسین نواز بارہ مارچ کو پاکستان آنا چاہتے ہیں اور وہ عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے، اس لیے ان کے دائمی وارنٹ معطل کیے جائیں۔

نیب حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں تو عدالت موقع دے سکتی ہے۔ ناقابلِ ضمانت اور دائمی وارنٹس کا مقصد ہوتا ہے کہ ملزم عدالت کے سامنے پیش ہو۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

12:17 7.3.2024

بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے تباہی، پانچ اموات اور 1250 گھروں کو نقصان

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے صوبے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک پانچ افراد ہلاک اور 1250 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 237 گھر مکمل طور پر تباہ جب کہ 1021 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ گوادر میں 1220 گھر متاثر ہوئے ہیں جب کہ کیچ میں 25، خاران میں سات، کوئٹہ چار اور بارکھان میں ایک گھر متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گوادر، کیچ اور خاران میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا سروے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔

12:15 7.3.2024

صحافی اسد طور کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی اسد طور کی گرفتاری اور انہیں ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی تو اسد طور کی وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے دورانِ سماعت استفسار کیا کہ اسد طور کے خلاف ایف آئی آر اسی انکوائری پر درج ہوئی جس پر طلبی نوٹس بھیجا گیا تھا؟ جس پر وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ طلبی نوٹس میں جو الزام تھا ایف آئی آر اس سے مختلف ہوئی ہے۔ یہ ایف آئی اے کے اپنے پراسس کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اسد طور کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

09:35 7.3.2024

راولپنڈی سے تین مبینہ افغان دہشت گرد گرفتار، اڈیالہ جیل کا نقشہ برآمد

راولپنڈی پولیس نے تین افغان مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے اڈیالہ جیل کا نقشہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق مشترکہ کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو بھاری اسلحہ اور بارود سمیت گرفتار کر کے انہیں تفتیش کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس افسر کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے جن کے قبضے سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، ہینڈ گرنیڈ اور آئی ای ڈی برآمد ہوا ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارےاڈیالہ جیل اور اس کے اطراف سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG