سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا
سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے برطرف کرنے کی سفارش کر دی۔
جمعرات کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی کو سنگین الزامات کا سامنا تھا، اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو اُنہیں برطرف کر دیا جاتا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں کارروائی شروع ہونے کے بعد استعفی دے دیا تھا۔
اسٹینڈ بائی معاہدے پر پاکستان کی نئی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں: ترجمان آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ اسٹینڈ بائی معاہدے کے دوسرے جائزے کے لیے پاکستان کی نئی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران وائس آف امریکہ کے اسد اللہ خالد کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ پاکستان رواں برس اپریل میں ختم ہونے والا اسٹینڈ بائی معاہدہ مکمل کر لے۔
پاکستان میں مبینہ عدم استحکام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی بلکہ آئی ایم ایف کی ساری توجہ اس پر ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام آئے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔
جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے دوران پاکستانی حکام معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے سخت پالیسیوں پر عمل پیرا رہے۔ اس دوران مہنگائی پر کنٹرول رکھنے کے لیے مانیٹری پالیسی کو مستحکم رکھا گیا اور زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر کام کیا گیا۔