رسائی کے لنکس

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کس پارٹی میں شامل ہوں گے؟ حکومت سازی کے لیے رابطے شروع

پاکستان کی قومی اسمبلی کی 265 میں سے 257 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور مزید7 نشستوں کے نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

11:06 10.2.2024

سیاسی جماعتیں پختگی اور اتحاد کے ساتھ عوام کے اعتماد کا ثمر دیں: جنرل عاصم منیر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی برّی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے آئینِ پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے اور اب سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ عوام کے اعتماد کا اسی انداز میں جواب دیں۔

فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے عام انتخابات کے انعقاد پر نگراں حکومت، الیکشن کمیشن، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارک باد دی ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک عوامی شرکت نے جمہوریت اور حکمرانی کے لیے ان کی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔

آرمی چیف کے مطابق 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر حکومت اور عوامی خدمت کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے۔

10:14 10.2.2024

بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی سب سے آگے، چھ نشستوں کا نتیجہ آنا باقی

بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 45 نشستوں کا عبوری نتیجہ آ گیا جب کہ مزید چھ نتائج آنا باقی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جب کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان آٹھ نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بلوچستان اسمبلی کی چھ نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی چار، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی نے دو، دو جب کہ بلوچستان نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ایک ایک نشست حاصل ہے۔

09:59 10.2.2024

خیبر پختونخوا اسمبلی کی ایک نشست کا نتیجہ آنا باقی

خیبر پختونخوا کی 112 نشستوں کے عبوری نتائج آ چکے ہیں جب کہ ایک نشست پی پی 104 کا نتیجہ آنا باقی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ عبوری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 90 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ بیشتر آزاد امیدواروں کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان سات نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ مسلم لیگ ن پانچ، پیپلز پارٹی چار، جماعتِ اسلامی تین، تحریکِ انصاف پارلیمنٹرین دو اور عوامی نیشنل پارٹی نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

خیبر پختونخوا کی دو نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔

09:13 10.2.2024

سندھ اسمبلی کے نتائج مکمل، پیپلز پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں

الیکشن کمیشن نے سندھ کی صوبائی اسمبلی کی تمام 130 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ نے 28 اور تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 14 نشستوں پر کامیاب حاصل کی ہے۔

سندھ اسمبلی میں جماعتِ اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے دو، دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG