پشاور میں تحریک انصاف کے حامیوں کا احتجاج، دھاندلی کا دعویٰ
عمران خان کے سینکڑوں حامیوں نے پشاور میں احتجاجی جلوس نکالا جس کی قیادت تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا نے کی جن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ لیے لیکن انہیں کامیاب قرار نہیں دیا گیا۔
تیمور خان جھگڑا نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا اور کہا کہ انہیں اس کی توقع نہیں تھی۔
مظاہرین نے ووٹنگ کے عمل کو فراڈ قرار دیتے ہوئے نعرے لگائے۔
الیکشن کمیشن نے ہفتے کی شام پانچ بجے تک قومی اسمبلی کی 265نشستوں میں سے، جن پر ووٹ ڈالے گئے، 10 سیٹوں کے نتائج کا اعلان نہیں کیا تھا۔
محسن داوڑ پر فائرنگ کی کسی مرکزی لیڈر نے مذمت کیوں نہیں کی؟ بشریٰ گوہر
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کی ایک سینئر رہنما بشریٰ گوہر نے این ڈی ایم کے چیئر پرسن محسن داوڑ پر فائرنگ کے واقعے پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے مرکزی دھارے کے کسی رہنما نے شمالی وزیرستان میں ریاستی بربریت اور محسن داوڑ پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کی مذمت نہیں کی کیونکہ وہ اصل طاقتوں کے خلاف بولنے سے ڈرتے ہیں۔
حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کے رابطوں میں تیزی
پاکستان کے حالیہ انتخابات کے بعد مرکزی اسمبلی میں کسی سیاسی جماعت کے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے اور حکومت بنانے کے لیے پارٹیوں کو مل کر ایک مخلوط حکومت بنانی ہوگی جس کے لیے رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور آصف علی زرداری اتوار کو ملاقات کر رہے ہیں۔ اس سے قبل شہبازشریف اور زرداری کے درمیان ملاقات ہو چکی ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری بھی شامل شریک تھے۔
کراچی سے ایم کیوایم کا ایک وفد بھی ملاقات کے لیے لاہور پہنچ رہا ہے۔