رسائی کے لنکس

'ہمارے نمبر پورے نہیں ہوتے تو اتحاد کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے'

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بلاول ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس کے آزاد امیدوار دو روز میں کسی جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔

20:25 11.2.2024

پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حکومت سازی کے لیے رابطہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان حکومت سازی کے لیے باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا وفد لاہور میں بلاول ہاؤس پہنچ گیا ہے۔ وفد میں شہباز شریف، احسن اقبال، سعد رفیق اور دیگر رہنما شامل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت کی۔

21:03 11.2.2024

پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار دو روز تک کسی پارٹی میں شامل ہوجائیں گے، بیرسٹر گوہر علی

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ دو روز تک مخصوص نشستوں کے حصول اور پارلیمانی پارٹی بنانے کے لیے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتے جو ہمارا مینڈیٹ چھیننے کا بہانہ بنے۔

نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز ' سے گفتگو کے دوران لاہور سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک وسیم قادر سے رابطہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی ان کی کسی جماعت میں شامل ہونے سے متعلق کوئی معلومات دستیاب ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ اچھی روایت نہیں ہےکہ آپ کوجو مینڈیٹ پارٹی نے دیا ہے اسے آپ کسی اور کو دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس موجود نتائج کے ریکارڈ کے مطابق 170 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ ہم کوئی ہوائی دعویٰ نہیں کر رہے ہمارے پاس ثبوت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن نشستوں پر اعتراضات ہیں اگر الیکشن کمیشن ان پر بروقت شنوائی نہیں کرتا اور ہمارا نمبر پورا نہیں ہوتا تو اتحاد کرنے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

XS
SM
MD
LG