رسائی کے لنکس

آئینی ترامیم: قومی اسمبلی کا سات گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والا اجلاس چند منٹ میں ملتوی

قومی اسمبلی کا اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہونے والا اجلاس چند منٹ کی کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اسپیکر نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک منظور کی۔

17:00 15.9.2024

حکومتی وفد کی ایک بار پھر فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ آمد

وفاقی وزرا پر مشتمل وفد ایک بار پھر جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ آمد ہوئی ہے۔

حکومتی وفد کے سربراہ نائب وزیرِ اعظم اسحٰق ڈار ہیں جب کہ اس میں وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق حکومتی وفد مولانا فضل الرحمٰن کو آئینی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے آگاہ کرے گا۔

17:27 15.9.2024

دو ہزار لاپتا افراد رہا کریں اور ووٹ لے لیں؛ اختر مینگل کا مطالبہ

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے سربراہ اختر مینگل نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے دو ہزار لاپتا افراد کو رہا کیا جائے جس کے بعد وہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کو ووٹ دیں گے۔

سوشل میڈیا پر انہوں نے یہ بیان اتوار کو اس وقت جاری کیا جب حکومت کو آئینی ترمیم کے لیے اپنے نمبر پورے کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

بی این پی مینگل کے سینیٹ میں دو ارکان ہے حکومت کو آئینی ترمیم کے لیے ان کی حمایت درکار ہے۔

18:31 15.9.2024

ایک بار پھر حکومتی وفد کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

پاکستان تحریکِ انصاف کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وفت میں اسد قیصر اور شبلی فراز بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد جے یو آئی کے سربراہ سے ملاقات کرکے روانہ ہوا تھا۔

حکومت کے مجوزہ آئینی پیکج سے متعلق حکومت اور پی ٹی آئی کے سربراہ جے یو آئی سے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ ہفتے اور اتوار کی درمیان شب سے جاری ہے۔

اس سے قبل بھی جے یو آئی کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

19:08 15.9.2024

سینیٹ اجلاس کا وقت تیسری بار تبدیل

پاکستان کے ایوانِ بالا (سینیٹ) کا اجلاس ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ کا اجلاس اتوار کی شام سات بجے طلب کیا گیا تھا۔ لیکن سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اجلاس سات بجے کے بجائے اب اتوار کی رات 10 بجے ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق سینیٹ کے دفاتر اجلاس ختم ہونے تک کھلے رہیں گے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اب بھی یہ واضح نہیں ہے کہ سینیٹ کا اجلاس رات کو دس بجے ہو سکے گا یا نہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG