رسائی کے لنکس

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر اوپن سماعت کا فیصلہ

قائد ایوان کے انتخاب میں مریم نواز کو 220 ووٹ ملے جب کہ تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔

18:36 26.2.2024

الیکشن کمیشن کا سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر اوپن سماعت کا فیصلہ

پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کے بعد جماعت کو اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر اوپن سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا پانچ رکنی بینچ منگل کو سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 23 مخصوص نشستوں پر نوٹی فکیشن تاحال روکے ہوئے ہیں۔

18:21 26.2.2024

دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائم فوری چیلنجز ہیں: نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سندھ

تیسری بار سندھ کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے والے مراد علی شاہ نے کہا ہے تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان سے مثبت کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور صوبۂ سندھ بہت مشکلات میں ہے۔ دہشت گردی دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ بدقسمتی سے اسٹریٹ کرائمز بھی بڑھے ہیں۔ کچے کے علاقے میں آپریشن پر دوبارہ توجہ دینی ہے۔ یہ ہماری حکومت کے فوری چیلنجز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی الیکشن پر بہت سے اعتراضات ہیں لیکن ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ چند سییٹیں ہم سے لی گئی ہیں اس کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔

نو منتخب وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ دو چار سیٹوں کے لیے ملک کی سالمیت کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔

16:18 26.2.2024

مراد علی شاہ مسلسل تیسری مرتبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ منتخب

پیپلزپارٹی کے رہنما سید مراد علی شاہ مسلسل تیسری مرتبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

مراد علی شاہ کو 112 ووٹ ملے جب کہ ان کے مقابلے میں ایم کیو ایم کے علی خورشیدی 36 ووٹ حاصل کر سکے۔

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اراکین اور جماعتِ اسلامی کے رکنِ اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

16:05 26.2.2024

مریم نواز نے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

پنجاب کی نو منتخب وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں گورنر بلیغ الرحمٰن نے مریم نواز سے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، شہباز شریف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔

واضح رہے کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG