’اعتماد کا ووٹ شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی بڑی شکست ہے‘
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کے ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔
فواد چوہدری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہباز شریف اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ 20 اراکین اسمبلی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے، ان کا ووٹ وزیرِ اعظم کے حق میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔
فواد چوہدری کے مطابق شہباز شریف کو 172 ارکان کے بجائے صرف 160 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا یہ ووٹ شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی بڑی شکست ہے۔
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے جمعرات کو ا۔یوان میں یہ اعلان کیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف پر 180 اراکین نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اعتماد کے ووٹ کے لیے وزیرِاعظم کو کم از کم 172 ارکان کی حمایت درکار تھی۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف پر اعتماد کے ووٹ کی قرار داد پیش کر دی
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف پر اعتماد کے ووٹ کی قرار داد پیش کردی ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ ہم کانپ رہے ہیں تو ہم بتانا چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان پارلیمان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کے بقول پاکستان کا پارلیمنٹ اعلیٰ عدلیہ کے چار تین کے بینچ کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک وفاقی وزیر نے وائس آف امریکہ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ وزیرِاعظم آج ہی اسمبلی کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرِصدارت اجلاس شروع ہوا ہے جس میں شہباز شریف بھی شریک ہیں۔
یہ اجلاس اتحادی جماعتوں کے سربراہان کی جانب سے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ہو رہا ہے۔
اعتماد کے ووٹ کے لیے وزیرِاعظم کو کم از کم 172 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔