امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے ہفتے کے روز ٹیلی فون پر عراق کے نائب صدر ایاد علاوی اور وزیر اعظم حیدر العبادی سے گفتگو کی۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیر اعظم حیدر العبادی سے بات کرتے ہوئے، مائیک پومپیو نے عراق کی جانب سے ایک معتدل، قوم پرست، عراقی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں میں امریکہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اُنہوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ ''آئین کے تقاضوں کی حرمت کی پابندی کرتے ہوئے، عراقی عوام کے اصل احساسات کو مدر نظر رکھا جائے''۔
ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ''وزیر خارجہ نے اس نازک وقت میں عراق کے اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا''۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ''وزیر خارجہ نےامریکہ کی جانب سےایک مضبوط، خودمختار اور خوش حال عراق کی حمایت جاری رکھنے کی نشاندہی کی، جیسا کہ حکمت عملی کے حامل امریکہ عراق سمجھوتے میں اس کا ذکر کیا گیا ہے''۔
ادھر، نائب صدر ایاد علاوی سے گفتگو کے دوران، دونوں رہنمائوں نے ''عراق کی سیاسی صورت حال اور عراق کے کردوں کے ساتھ تعلقات پر بات چیت کی''۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ''پومپیو نے اس بات پر زور دیا کہ نئی حکومت تشکیل دینا اقتدار اعلیٰ کے مالک عراقی عمل کا حصہ ہے؛ اور عراق کو ملکی دستور میں درج اصولوں کے مطابق آگے بڑھنا چاہیئے جو عراقی ووٹروں کی رائے کا غماز ہو''۔
ترجمان نے کہا کہ ''امریکی وزیر خارجہ نے اِس بات کی نشاندہی کی کہ امریکہ ایک مضبوط عراقی حکومت دیکھنے کا متمنی ہے، جس میں تمام برادریوں کی شمولیت ہو اور سارے عراقی عوام کی خدمت بجا لانے کا عزم موجود ہو''۔