رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل؛ 'کوہلی کی وکٹ سب سے قیمتی ہو گی'


سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ وراٹ کوہلی نے اُن سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہیں اورپونٹنگ کے بقول آئندہ ماہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں اُن کی وکٹ آسٹریلیا کے لیے سب سے قیمتی ہو گی۔

جمعے کو نئی دہلی میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے کرٹن ریزر ایونٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پونٹنگ کا کہنا تھا کہ اُن کی ایک ماہ قبل بنگلور میں کوہلی سے اُن کی بیٹنگ فارم کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی۔

پونٹنگ کے بقول کوہلی نے اُنہیں بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس وقت اپنی بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

سابق آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ "جیسا کے ہم نے دیکھا کہ کوہلی نے جمعرات کی شب آئی پی ایل میچ میں سینچری اسکور کی۔ لہٰذا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن فائنل میں کوہلی کی وکٹ بہت قیمتی ہو گی۔"

خیال رہے کہ وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جمعرات کی شب اُنہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف اپنے آئی پی ایل کریئر کی چھٹی سینچری اسکور کی تھی۔

چونتیس سالہ بھارتی بلے باز سات جون کو لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شب فائنل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارتی اسکواڈ کو کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ ان میں وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت بھی شامل ہیں جو ایک ٹریفک حادثے کی وجہ سے کرکٹ سے کافی عرصے سے دُور ہیں۔ اوپنر کے ایل راہل اور اسٹار بالر جسپریت بمراہ بھی انجریز کی وجہ سے فائنل نہیں کھیل پائیں گے۔

پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں اصل مقابلہ آسٹریلوی پیس اور بھارت کے ٹاپ آرڈر بیٹرز کے درمیان ہو گا۔

خیال رہے کہ بھارت مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہا ہے۔ اس سے قبل جون 2021 میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی تھی۔

XS
SM
MD
LG