رسائی کے لنکس

پوپ فرانسس کا آشوٹز کیمپ کا دورہ


دوسری عالمی جنگ کے دوران اس کیمپ میں نازیوں نے دس لاکھ سے زائد افراد کو قتل کیا تھا جن میں زیادہ تعداد یہودیوں کی تھی۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے جمعہ کو پولینڈ میں واقع آؤشوٹز برکن ناؤ کیمپ کی اجتماعی قتل گاہ کے قریب خاموشی سے چہل قدمی کی۔

سفید لباس میں ملبوس اور سرجھکائے ہوئے پوپ اس سائن بورڈ کے نیچے سے گزرے جس پر جرمن زبان میں " آربیت مخت فرائی" کے الفاظ درج ہیں جن کا مطلب ہے کہ " کام (کرنا) آپ کو آزاد کر دے گا۔

دوسری عالمی جنگ کے دوران اس کیمپ میں نازیوں نے دس لاکھ سے زائد افراد کو قتل کیا تھا جن میں زیادہ تعداد یہودیوں کی تھی۔

پوپ کیمپ کی ایک بیرک میں موجود ایک بنچ پر بھی تھوڑی دیر کے لیےخاموشی سے بیٹھ گئے۔

بعدازاں پوپ فرانسس نے اس کیمپ سے زندہ بچ جانے والے معمر افراد سے انفرادی طور پر ملاقات کی۔

اس کے بعد انہوں نے اس دیوار پر ایک شمع روشن کی جہاں اس کیمپ میں قید افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔

پوپ فرانسس پولینڈ کے پانچ روزہ دورے پر ہیں اور اس دوران انہوں نے پولینڈ کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں اور صحافیوں سے ملاقات کی اور انہوں نے بدھ کو کارکوا کے بشپ کے محل کی کھڑکی سے اپنے چاہنے والوں کا خیر مقدم بھی کیا۔

پولینڈ میں قیام کے دوران پوپ فرانسس نوجوان کیتھو لک افراد کے عالمی دن کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ پوپ فرانسس جنوبی پولینڈ میں واقع آؤشوٹز کیمپ کا دورے کرنے والے تیسرے پوپ ہیں ان سے قبل ان کے دو پیش رو بھی یہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔

پوپ جان پال نے 1979 اور پوپ بینیڈیکٹ نے 2006 میں اس جگہ کا دورہ کیا تھا جبکہ پوپ فرانسس کا مشرقی یورپ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

XS
SM
MD
LG